قرآن حکیم انسانیت کےلئے کتاب ہدایت ہے: علامہ رانا محمد ادریس

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو ہر قسم کی کمی بیشی سے پاک رکھتے ہوئے اس کی حفاظت کا ذمہ خود لیا
جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

Rana Idrees

لاہور (10 جنوری 2020) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے ’’قرآن اور ہم‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن حکیم انسانیت کےلئے کتاب ہدایت ہے۔ قرآن کریم کا یہ اعجاز ہے کہ اس کی کسی ایک آیت کی تفصیل میں جائیں تو اس میں پوری زندگی کا خاکہ نظر آتا ہے۔ قرآن حکیم زندگی کے تمام پہلوؤں کو زیر بحث لاتا ہے لیکن شرط یہ ہے کہ آدمی اس پر غور و فکر کرے اور قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کرے۔ قرآن حکیم کی جب بھی پڑھیں تو اس نظر سے پڑھیں کہ اللہ کریم کا یہ حکم میرے لئے ہے۔ روئے زمین کے تمام انسان قرآن کریم کا مخاطب ہیں۔ علامہ رانامحمد ادریس نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر خشک و تر کا علم قرآن مجید میں رکھا اور اسے ہر قسم کی کمی بیشی سے پاک رکھتے ہوئے اس کی حفاظت کا ذمہ بھی خود لیا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص کرم سے اس لاریب اوربے مثل کتاب کا وارث امت محمدی کو بنایا۔ امت محمدی کو یہ شرف تاجدار کائنات ﷺ سے نسبت غلامی کی وجہ سے حاصل ہوا۔ مگر آج ہم نے قرآنی تعلیمات سے منہ موڑ لیا جس کا نتیجہ ہے کہ امت مسلمہ زوال پذیر ہے۔ امت مسلمہ کے زوال کا سب سے بڑا سبب قرآنی تعلیمات سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کے مسلمانوں پر پانچ حقوق ہیں جن میں قرآن مجید کو پڑھنا، سمجھنا، تدبر و تفکر کرنا اور اسکی تعلیمات کو دوسرے لوگوں تک پہنچانا۔ جب تک ہم قرآن مجید کے یہ حقوق ادا نہیں کریں گے اس وقت تک عروج کی منزل حاصل نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں دروس قرآن کے زریعے رجوع الی القرآن کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ امت مسلمہ کا قرآن مجید سے ٹوٹا ہوا تعلق پھر سے بحال ہوسکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top