مخلوق خدا سے محبت اللہ سے محبت کی ایک شکل ہے: حافظ نذیر احمد

منہاج القرآن نے انسانیت سے محبت کا پیغام دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچایا
حافظ نذیر احمد کا جامع المنہاج میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب، ہزاروں کی شرکت

لاہور (24 جنوری 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے سینئر مرکزی رہنما حافظ نذیر احمد نے جامعہ المنہاج میں محبتِ الٰہی کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخلوق خدا سے محبت اللہ سے محبت کی ایک شکل ہے، اللہ حقوق العباد کو کسی صورت معاف نہیں فرمائے گا۔ انسانیت کا احترام اسلامی تعلیمات کی روح ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بین المذاہب ہم آہنگی و بین المسالک رواداری کا پیغام لے کر پوری دنیا میں جارہے ہیں جس کا مقصد انتہا پسندی اور متشدد رویوں کا خاتمہ اور احترام انسانیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العالمین ہے، اللہ تعالیٰ کی محبت صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ وہ اپنی تمام مخلوقات سے محبت کرتا ہے، اس کی دلیل کلام الٰہی کی پہلی آیت ہے کہ میں سارے جہانوں اور کل مخلوق کا رب ہوں، الحمد سے والناس تک کسی ایک مقام پر بھی یہ نہیں فرمایا کہ میں رب المسلمین ہوں، رب کا معنی پرورش کرنے اور کمال تک پہنچانے والا ہے۔ اللہ کا محبوب بننے اور علمی،روحانی ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بندہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی انجام دہی میں کوئی کوتاہی نہ کرے، اللہ اپنے بندے سے ایفائے عہد، دیانت، صداقت، تابعداری اور وفاء شعاری چاہتا ہے اور انہی اعمال کی انجام دہی میں دین اور دنیا کی ترقی اور سربلندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی ذات معاف کرنے والی ہے اور اللہ اپنے بندوں کو معافی کے راستے بھی بتاتا ہے، سورۃ الزمر میں اللہ فرماتا ہے آپ فرما دیجئے اے میرے وہ بندوں! جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کر لی ہے تم اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا بے شک اللہ سارے گناہ معاف فرما دیتا ہے، وہ یقینا بڑابخشنے والا، بہت رحم فرمانے والا ہے۔

حافظ نذیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ گناہوں سے تائب رہیں اور اللہ سے معافی مانگتے رہیں، اللہ کو عاجزی اور معافی کے لیے درخواست گزاری بہت پسند ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگی میں جن پریشانیوں اور محرومیوں سے دو چار ہیں اس کی بڑی وجہ ناشکری اور حقوق و فرائض کے ضمن میں غفلت پر مبنی رویے ہیں۔یہ زندگی عارضی ہے،اصلاح احوال اور اصلاح معاشرہ ہماری اصل ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داریاں ہم دنیا کی دوڑ دھوپ میں پس پشت ڈال چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نماز صبر اور شکر سے اللہ کو راضی کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top