آغوش آرفن کیئر ہوم میں قائد ڈے کی تقریب، ڈاکٹر حسین محی الدین کی شرکت

آغوش آرفن کیئر ہوم میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 13 فروری 2020 کو تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی۔ تقریب میں بیرسٹر عامر حسن، پرنسپل تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ میاں محمد عباس نقشبندی، آغوش آرفن کیئر ہوم کے ڈائریکٹر کرنل (ر) محمد مبشر، راشد حمید کلیامی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ ناخواندگی اور بھوک کا خاتمہ اصل انقلاب ہے، منہاج القرآن تصوف، تعلیم کے فروغ کے ذریعے اسلام کی حقیقی تعلیمات کا احیاء کررہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قائم کردہ ادارے انسانیت کی خدمت کے مراکز ہیں، آغوش آرفن کیئر ہوم بےسہارا بچوں کی کفالت کے علاوہ انہیں معیاری تعلیم و تربیت فراہم کررہا ہے۔

تقریب سے منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، آغوش آرفن کیئر ہوم کے ڈائریکٹر کرنل (ر) محمد مبشر، بیرسٹر عامر حسن، تحفیظ القرآن کے پرنسپل عباس نقشبندی، راشد حمید کلیامی، سید امجد محمود شاہ نے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کے نہیں عالم اسلام کے سپوت اور نامور مفکر اور مصلح ہیں، آغوش آرفن کیئر ہوم پاکستان کا ایک باوقار ادارہ ہے جو دکھی انسانیت کے دکھ بانٹ رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن میں پاکستان کے سیاسی، سماجی، معاشی، اخلاقی، تعلیمی مسائل کا حل ہے۔ بیرسٹر عامر حسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری وہ نابغہ روزگار ہیں جنہوں نے اپنی مختصر زندگی میں اپنے حصے کا پورا کام کیا اور وہ کام رواں صدی میں مشرق و مغرب میں اسلام کی صحیح تصویر اور تعلیمات پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی عصری تعلیم و تربیت اور کردار سازی کیلئے ادارے قائم کرنا ہے۔

کرنل (ر) مبشر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم میں یتیم بچوں کو جو سہولیات میسر ہیں وہ پاکستان کے کسی آرفن کیئر ہوم میں دستیاب نہیں، ہم اپنا موازنہ آرمی کے کیڈٹ سکولوں سے کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا آغوش آرفن کیئر ہوم کا ایک بچہ آرمی میں کمیشنڈ افسر بنا، ایک بچہ جامعہ الازہر مصر میں پی ایچ ڈی کررہا ہے۔

بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن نے قوم کی تعلیم و تربیت اور بیداری شعور کیلئے سخت محنت کی، ڈاکٹر طاہرالقادری کے امن اور محبت کے پیغام کے پوری دنیا میں آباد مسلم نوجوانوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

تقریب سے راشد حمید کلیامی، جی ایم ملک، سید امجد علی شاہ، عباس نقشبندی، راجہ زاہد محمود، ڈاکٹر خرم شہزاد نے بھی خطاب کیا۔ آغوش آرفن کیئر ہوم کے طلباء و طالبات نے قومی ترانے اور نظمیں بھی پیش کیں، تقریب کے آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کی نسبت سے کیک کاٹا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top