صاحب حیثیت پر پہلا حق غریب رشتہ داروں کا ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

جو قربت میں ہو اور غربت میں ہو اس سے مقابلہ نہیں معانقہ کرو: صدر منہاج القرآن
رشتہ داروں سے حسد، بغض کریم آقا ﷺکی تعلیمات نہیں، نماز جمعہ کے بعد وفود سے گفتگو

لاہور (28 فروری 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صاحب حیثیت پر پہلا حق غریب رشتہ داروں کا ہے، جو قربت میں ہو اور غربت میں ہو اس سے مقابلہ نہیں معانقہ کرو، رشتہ داروں سے حسد و بغض کریم آقا ﷺکی تعلیمات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام، مشائخ عظام، مبلغین، اساتذہ کرام خدمت انسانیت سے متعلق اسلامی تعلیمات اور احکامات کو اجاگر کریں، دین اسلام انسانیت کی خدمت کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف خیراتی اداروں کو مالی مدد کے طور پر رقوم دینا مستحسن عمل ہے تاہم اس کی ابتداء غریب و نادار عزیز و اقارب سے شروع ہونی چاہیے۔ حضور نبی اکرم ﷺ سے سچی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ان کی سنتوں کو زندہ کیا جائے اور ان کے نقش قدم پر زندگی گزارنے کی کوشش کی جائے۔ دلوں کو نفرتوں، قدورتوں سے پاک صاف رکھا جائے، رزق حلال کمایا اور کھایا جائے، دوسروں کی حق تلفی سے بچا جائے اور کسی بھی صورت میں اخلاق کا دامن نہ چھوڑا جائے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ کوئی بھی فرض ادا نہ کرنا ظلم ہے، رشتہ داروں، پڑوسیوں کا خیال نہ رکھنا بھی ظلم ہے، ماتحتوں اور کمزوروں کا جینا دوبھر کرنا بھی ظلم ہے، حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان عالی ہے کہ اگر تم لوگوں کے ساتھ رحم کی بجائے ظلم کرو گے تو پھر اللہ سے بھی کسی قسم کے فضل کی امید مت رکھنا۔ اللہ رحم کرنے والوں کیلئے رحمٰن ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اگر کوئی شخص حقوق و فرائض اور اعمال صالح کے متعلق قرآن و سنت کے احکامات سے مکمل آگاہی چاہتا ہے تو وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب ”اسلام میں انسانی حقوق“، ”اسلام دینِ امت و رحمت ہے“، ”توبہ واستغفار“اور”حسنِ اعمال“کا مطالعہ کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top