قومیں انصاف کے بول بالا سے باوقار ہوتی ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
جہاں انصاف نہیں ہوتا وہاں امن نہیں ہوتا، لودھراں میں استحکام پاکستان کنونش سے ویڈیو لنک پر خطاب
کنونشن سے ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، سردار مزاری نے کا خطاب، سینکڑوں عہدیداروں نے حلف اٹھایا
لاہور/ لودھراں (8 مارچ 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لودھراں میں استحکام پاکستان کنونشن سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے بول بالا سے پاکستان مستحکم اور خوشحال ہو گا، جہاں انصاف نہیں ہوتا وہاں امن نہیں ہوتا، جب ریاستی ادارے اور طاقتور شخصیات غریب کو کمزور سمجھ کر نظر انداز کر دیتی ہیں تو تباہی اور بربادی اس ملک اور معاشرے کا مقدر بن کر رہ جاتی ہے۔ استحکام پاکستان کنونشن میں سینکڑوں عہدیداروں نے حلف بھی اٹھایا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے، استحکام پاکستان کنونشن سے خرم نواز گنڈاپور، سردار شاکر مزاری و دیگر نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم انصاف کے منتظر ہیں، اسی کیس کے فیصلے سے اس بات کا تعین ہو گا کہ پاکستان میں آئین، قانون بالاتر ہیں یا دولت مند قاتل طاقتور ہیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن وطن عزیز میں علم، امن اور اخلاقی اقدار کا احیاء کررہی ہے، نوجوانوں کو انتہا پسندی کے راستے سے موڑ کر علم، امن اور محبت کے راستے پر ڈالنا ایک بڑی کامیابی ہے، انہوں نے لودھراں میں تاریخ کی سب سے بڑی حلف برادری کی تقریب پر نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پنجاب سردار شاکرمزاری اور جملہ تمام عہدیداروں اور ذمہ داروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے عظیم الشان گرلز کالج کی شکل میں جنوبی پنجاب کو ایک تحفہ دیا ہے۔ یہ کالج کروڑوں روپے کی لاگت سے اپنی مدد آپ کے تحت ڈسٹرکٹ خانیوال میں قائم کیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب میں خواتین کے لیے مزید تعلیمی ادارے قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام اور اعلیٰ انسانی اقدار پر حملے ہورہے ہیں، نوجوانوں کے اخلاق کو بیگاڑا جارہا ہے، اس نظریاتی افراتفری کے دور میں منہاج القرآن نے نظریہ اسلام، نظریہ پاکستان، اخلاق، اخلاص اور امن کا پرچم سربلند کررکھا ہے۔
سردار شاکر مزاری نے استحکام پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن محب وطن اور اسلام کے پروانوں کی جماعت ہے، ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کے علم، عمل اور انسانیت کی خدمت کے ویژن کے تحت دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں سینکڑوں عہدیدار اسلام، پاکستان اور انسانیت کے خدمت گزارہیں، انشاء اللہ تعالیٰ منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے جنوبی پنجاب میں علم کی روشنی پھیلے گی، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی فروغ پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن دلوں کو جوڑنے والی غیر سیاسی تحریک ہے۔
تبصرہ