ترقیاتی فنڈز طبی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیے جائیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 25 مارچ 2020ء

عوام اور اداروں کے یکجا ہونے سے وباء کا خاتمہ ہو گا: قائد تحریک منہاج القرآن
نجی لیبارٹریاں انسانیت کیلئے زیرو پرافٹ کیساتھ کورونا ٹیسٹ کریں
ملک بھر میں سینیٹائزر لوشن تقسیم کرنے پر منہاج ویلفیئر کو شاباش
شاہدرہ میں ایل پی جی ٹرک کو پیش آنے والے حادثہ پر اظہار افسوس

Dr Tahir ul Qadriلاہور (25 مارچ 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انسانی جان کا تحفظ مقدس ترین فریضہ ہے، حکومت جملہ ترقیاتی فنڈز کا رخ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں مطلوبہ جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کی طرف موڑ دے۔ نجی لیبارٹریاں انسانیت کے تحفظ اور بقاء کے جذبہ کے ساتھ زیرو پرافٹ کیساتھ کو رونا ٹیسٹ کی سہولت مہیا کریں، اللہ کی رضا اور انسانیت کی مدد کیلئے خرچ کیا گیا پیسہ رائیگاں نہیں جائے گا۔ عوام اور ادارے یکجا ہونگے تو وباء کا خاتمہ ہو گا۔ یہ وقت کسی کی تعریف یا تضحیک کا نہیں انسانیت کے تحفظ اور بقاء کے لیے اخلاص کیساتھ عملی اقدامات کرنے کا ہے۔ عوام کسی خوف نہیں احساس ذمہ داری کے ساتھ خود کو الگ تھلگ رکھیں۔ خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی بچائیں، جس دن پوری قوم نے خود کو گھر تک محدود کر لیا اور طبی نقطہ نظر سے فاصلے قائم کر لیے اسی دن کورونا وائرس کا ڈاؤن فال شروع ہو جائیگا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ جزوی لاک ڈاؤن سے بھی کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں، لاکھوں خاندان جن کی گزر بسر یومیہ اجرت پر تھی وہ تکلیف دہ صورتحال سے دو چار ہیں اور عوامی زندگی کیلئے مشکلات کھڑی ہورہی ہیں لیکن انسانی جان کے تحفظ کیلئے اقدامات بروئے کار لانا بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تو کورونا وائرس کی آزمائش ہے دوسری آزمائش صاحب حیثیت افراد کیلئے بھی ہے کہ وہ اللہ کے دیئے ہوئے مال میں سے مستحقین کی کس طرح مدد کرتے ہیں۔ ہمسایہ، ہمسائے کی خبر رکھے، صاحب ثروت حضرات عزیز و اقارب، دوست احباب کے ساتھ جذبہ ایثار سے کام لیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹے ا س کے ساتھ ساتھ اللہ سے بھی معافی طلب کریں، سچے دل سے مانگی گئی معافی کو اللہ رد نہیں کرتا، انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی مہم قوم کو متحد اور مستعد کرنے کا نادر موقع ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ملک بھر میں سینی ٹائزر لوشن تقسیم کرنے کے جذبہ ایثار پر عہدیداروں، کارکنوں کو مبارکباد دی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے شاہدرہ میں ایل پی جی کے ٹرک کو پیش آنے والے حادثہ پر دلی افسوس کا اظہار تشکر کیا کہ اللہ نے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top