مخیر حضرات انسانیت کی بلاتفریق مدد کریں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

اس وقت مستحقین تک راشن پہنچانا سب سے بڑی انسانی خدمت ہے: صدر منہاج القرآن
کورونا وائرس کسی کا مذہب، مسلک، رنگ، نسل دیکھے بغیر حملہ آور ہے
پہلی اسلامی ریاست امت واحدہ کے تصور پر قائم ہوئی: صدر منہاج القرآن
آج امت واحدہ کے آفاقی، نبوی تصور کے تحت انسانی خدمت کی ضرورت ہے

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri

لاہور (3 اپریل 2020) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء نے بلا رنگ و نسل، مسلک، مذہب، ملک و ملت سب کو متاثر کیا ہے اور اس وباء کی وجہ سے انسانی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ مخیر حضرات مدد کرتے ہوئے کسی کا مذہب، رنگ، نسل اور مسلک کو نہ دیکھیں۔ آفت کی اس گھڑی میں انسانیت کے ناطے سے بلاتفریق سب کی مدد کریں۔

انہوں نے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ، جواد حامد سے آن لائن میٹنگ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن متاثرہ اضلاع اور علاقوں میں بطور خاص خوراک کی فراہمی کی صورت میں امدادی سرگرمیاں تیز کرے، لاہور، گجرات، کراچی، میرپور کے اضلاع میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں اور حکومت کی طرف سے انسانی جان کے تحفظ کیلئے یہاں لاک ڈاؤن بھی سخت ہے جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے خاندان فاقوں کی دہلیز پر بیٹھے ہیں۔ مزدور خاندانوں اور مستحقین کے گھروں میں راشن پہنچانا فی الوقت سب سے بڑی عبادت اور انسانی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے مدینہ طیبہ کی پہلی اسلامی ریاست قائم کرتے ہوئے امت واحدہ کا تصور دیاتھا، اس تصور میں ہر وہ شخص امت واحدہ کا حصہ تھا جو مدینہ طیبہ کا رہائشی تھا، آج امت واحدہ کے اسی آفاقی، نبوی تصور کے تحت انسانیت کی خدمت کی ضرورت ہے۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے بریفنگ میں بتایامنہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن 10 ہزار سے زائد خاندانوں کو ملک بھر میں راشن پہنچا چکی، مزید 10 ہزار خاندانوں کو راشن پہنچایا جائے گا۔ آفت کے خاتمے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top