نوجوان وقت کا بہترین استعمال یقینی بنائیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

تنہائی میں انسان کو اپنے اندر جھانکنے کا موقع ملتا ہے: قائد تحریک منہاج القرآن
منہاج یونیورسٹی، شریعہ کالج، ویمن کالج کو آن لائن کلاسز کے اجراء پر مبارکباد
عربی زبان سیکھنے کے لیے 6ہزار افراد نے آن لائن رجسٹریشن کروائی
ای لرننگ پروگرام کے تحت 40 ملکوں میں سینکڑوں بچے قرآن سیکھ رہے ہیں

لاہور (13 اپریل 2020) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وقت بہت قیمتی ہے، اس کا بہترین استعمال یقینی بنائیں، اساتذہ اور طلباء تدریسی مصروفیات کو بذریعہ انٹرنیٹ جاری رکھیں، انہوں نے منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج کالج فار ویمن کی طرف سے آن لائن کلاسز کے آغازاور کامیابی کے ساتھ انہیں جاری رکھنے پر مبارکباد دی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء جب تک پوری طرح ختم نہیں ہو جاتی اور حکومت کی طرف سے معمول کی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت نہیں دے دی جاتی تب تک شہری گھروں میں رہیں اور فرصت کے ان لمحات کو نفلی اعتکاف میں بدل کر قرنطینہ کے خوف سے باہر نکل آئیں، کردار سازی، شخصیت کی تعمیر اور لغویات سے نجات کیلئے تنہائی اختیار کرنا نسخہ کیمیا ہے، پیغمبرانِ حق نے اللہ کی رضا کیلئے اپنے شب و روز کا بڑا حصہ گوشہ تنہائی میں صرف کیا۔ تنہائی میں انسان کو اپنے اندر جھانکنے کا موقع ملتا ہے، موجودہ حالات کو المیہ سمجھ کر اپنی تکلیف بڑھانے کی بجائے فرصت کے ان لمحات کو نفع بخش بنائیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے ذیلی فورمز کی طرف سے عربی کی آن لائن کلاسز شروع کرنے اور لاکھوں افراد کو عربی زبان سکھانے کے لیے سروسز مہیا کرنے پر نظامت تربیت کو مبارکباد دی۔ اس کے علاوہ موجودہ مشکل ترین حالات میں دنیا کے 40 ملکوں میں مسلم خاندانوں کے سینکڑوں بچوں اور بچیوں کو بلاتعطل قرآن و سنت کی تعلیم فراہم مہیا کرنے ای لرننگ ایڈمنسٹریشن کو مبارکباددی۔

نظامت تربیت کے ڈائریکٹر سعید رضا بغدادی نے بتایا کہ گزشتہ 10روز میں عربی زبان سیکھنے کے خواہشمند 6 ہزار افراد نے آن لائن رجسٹریشن کروائی جن کے سبق شروع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں سے وابستہ سینکڑوں اساتذہ ہزاروں طلباء و طالبات کو مختلف شعبہ جات میں تعلیم دے رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top