غصہ ضبط کرنیوالوں کو اللہ نے متقین قرار دیا: ڈاکٹر طاہرالقادری

”اینگر مینجمنٹ“کی سماجی، نجی، اور دینی زندگی میں بڑی اہمیت ہے
اللہ کی راہ میں خرچ اور غصہ قابو میں رکھنے والوں کو جنت کی بشارت دی گئی ہے
قائد تحریک منہاج القرآن کا ”خلوت اور ہماری زندگی“کے موضوع پر لیکچر

لاہور(21 اپریل 2020) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ”خلوت اور ہماری زندگی“ کے موضوع پر اپنے 9ویں لیکچر میں ”اینگر مینجمنٹ“ پر خطاب کیا۔ انہوں نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اراکین سے بذریعہ ویڈیو لنک تربیتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غصہ ضبط کرنیوالوں کو اللہ نے متقین قرار دیا اور اپنی قربت اور جنت کی بشارت دی ہے، انہوں نے کہا ”اینگر مینجمنٹ“ بہت ضروری ہے، اسکا خیال نہ رکھنے والے سماجی، نجی، سرکاری، کاروباری، عائلی زندگی میں ناقابل تلافی نقصانات کا سامنا کرتے ہیں، بسا اوقات کاروبار، ملازمت، قیمتی رشتوں کے ساتھ ساتھ وہ اپنی شخصیت بھی تباہ و برباد کر بیٹھتے ہیں۔ ”اینگر مینجمنٹ“ کے مضمون کا اللہ رب العزت نے کرہ ارض کی سب سے بڑی معتبر کتاب قرآن مجید میں بڑی تفصیل سے ذکر فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مفروضہ پایا جاتا ہے کہ غصہ پی جانے سے انسان کی طبی اور نفسیاتی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یہ ایک الگ موضوع بحث ہے غصہ علامات سے پہچانا جاتا ہے، جیسے کسی وائرس کی شناخت باڈی پر مرتب ہونے والے منفی اثرات سے ہوتی ہے اسی طرح کچھ علامات غصے کی نشاندہی کرتی ہیں جن سے بچنا یا وقوع پذیر ہونے کے بعد ان کے منفی اثرات سے باہر نکلنا بہت ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ نے 4 چیزوں پر عمل کرنے والوں کو اپنی قربت اور جنت کی بشارت دی ہے۔

  1. اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والوں کو
  2. غصہ ضبط کرنے والوں کو
  3. دوسروں کی خطائیں معاف کرنے والوں کو
  4. احسان کرنے والوں کو۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے لیکچر میں کہا کہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا اور برداشت کا مظاہرہ کرنا یہ کامل ایمان کی نشانیوں میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس ماحول میں زندہ رہتے ہیں وہاں مزاج کے خلاف باتیں ہو جاتی ہیں لیکن یہ انسان کے اپنے بس میں ہے کہ کس کا کتنا ردعمل دینا ہے۔ غصہ انسان کی شخصیت میں توازن قائم نہیں ہونے دیتا۔ بے جا ردعمل کی وجہ سے لوگ دور رہنا شروع کر دیتے ہیں اورایسے شخص کی تجاویز اور رائے معتبر نہیں رہتی۔ لہٰذا غصے پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top