تمام جہانوں کا اصل مالک اللہ ہے: ڈاکٹرحسین محی الدین قادری

ایک نظر نہ آنے والے وائرس نے سپرپاورز کو چاروں شانے چت کر دیا
حضرت انسان باز نہ آیا تو آئندہ اس سے بڑی گرفت ہو سکتی ہے
رمضان المبارک کی ہر گھڑی کو موقع غنیمت سمجھا جائے: صدر منہاج القرآن

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri

لاہور (22 اپریل 2020ء) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ عسکری قوت، تیل، ٹیکنالوجی، معدنی اور افرادی قوت پر غرور کرنے والی سپرپاورز ایک نظر نہ آنے والے وائرس کے سامنے چاروں شانے چت ہو گئیں۔ کمزور ملکوں میں ہمہ وقت لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کرنے والے آج اپنے ملکوں میں اپنے اپنے شہریوں کی لاشیں گن رہے ہیں، یہ کھلی نشانی ہے کہ سب سے زیادہ طاقت اور حکمت والا اللہ ہے جو تمام جہانوں کا بلا شرکت غیرے مالک و مختار ہے۔ عبادت صرف ایک اللہ کیلئے ہے۔ دنیا کے خداؤں پر انحصار کرنے والے آج مایوس و نامراد ہیں اور سب کورونا وائرس کی وباء سے نجات کیلئے اللہ کی طرف ہاتھ اٹھائے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے انسان اپنے بنائے ہتھیاروں اور کرنسی نوٹوں پر انحصار چھوڑ کر ایک اللہ سے مدد مانگے اور خدائی کا دعویٰ ترک کر دے، انہوں نے کہا کہ ایک نظر نہ آنے والے وائرس کے ذریعے پوری دنیا کو لاک ڈاؤن کر دینے والا اللہ بہت طاقتور ہے، انسان اور اس کی ٹیکنالوجی کی حیثیت اس اللہ کے سامنے ریت کے ذرے کے برابر بھی نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے ابابیلوں کے ذریعے ہاتھیوں کو نیست و نابود کر دیا۔ مچھر سے نمرود کو رسوا کیا۔ آج وائرس کے ذریعے انسانوں کو سبق سکھا دیا اور بند آنکھیں کھولنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے انسان سچے دل سے تائب ہو جائے اور قوانین فطرت کے خلاف چلنا بند کر دے۔ کورونا وائرس ایک وارننگ ہے اور حضرت انسان باز نہ آیا تو پھر اس سے بھی بڑی گرفت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ کا محبوب مہینہ ہے، دن رات عبادات اور دعاؤں سے گناہوں کی معافی مانگی جائے اور اللہ کو راضی کیا جائے، رمضان المبارک کے محدود ایام خوش قسمت لوگوں کو میسر آتے ہیں۔ ہر گھڑی کو موقع غنیمت سمجھا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top