رمضان المبارک میں اللہ روزہ دار کی ہر دعا قبول کرتا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
اللہ کی رضا کےلئے ماہ مقدس میں ایک دوسرے کےلئے رحم و شفقت کا پیکر بن جائیں
قائد تحریک منہاج القرآن کی ملت اسلامیہ کو ماہ رمضان کی آمد پر مبارکباد
اللہ تعالیٰ انسانیت کو کورونا وائرس کی وباء سے نجات دے: قائد منہاج القرآن
لاہور (24 اپریل 2020) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے رمضان المبارک کی آمد پر اسلامیان پاکستان اور پوری ملت اسلامیہ کو مبارکباد دی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ زیادہ سے زیادہ رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے فرائض و عبادات کی توفیق دے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی میں حالیہ رمضان المبارک ایسے حالات میں آیا ہے کہ ملکی آبادی کا ایک بڑا حصہ لاک ڈاءون کی وجہ سے غربت اور کسمپرسی کی حالت میں ہے، لوگ روزگار سے محروم ہیں، چلتے کاروبار ٹھپ ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال میں سفید پوش مڈل کلاس طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اللہ نے جنہیں مالی آسودگی عطا کر رکھی ہے وہ اس سوچ کے ساتھ مستحقین کی مدد اور اظہار تشکر کریں کہ اللہ نے انہیں مانگنے والوں نہیں دینے والوں کی صف میں شامل کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبار ک کے مہینے کی برکتوں اور الوہی نوازشات کو کوئی مہینہ نہیں پہنچ سکتا۔ حضور نبی اکرم ﷺ رمضان المبارک کا مہینہ پانے کےلئے دعا فرماتے تھے اور اس مہینے انکے صدقات و خیرات معمول سے بڑھ جاتے تھے اور وہ کسی سوالی کو خالی ہاتھ نہیں موڑتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے فرمایا ثواب کی نیت سے روزے رکھنے والے کے پچھلے تمام گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ جہنم کے دروازے بند اور جنت کے کھل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ ﷺ نے فرمایا جس نے ایمان و احتساب کی نیت سے رمضان المبارک کے روزے رکھے اور راتوں کو قیام کیا وہ گناہوں سے اس طرح پاک ہو جاتا ہے جس طرح وہ اپنی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتے وقت گناہوں سے پاک تھا۔
تبصرہ