منہاج القرآن بریڈ فورڈ کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی 56 ویں سالگرہ تقریب

رپورٹ: آفتاب بیگ (بریڈ فورڈ)

تحریک منہاج القرآن امت اور گنبد خضریٰ کے مکین کے درمیان منقطع رشتہ کو استوار کرنے کی تحریک اور اس کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خدا کے فضل اور مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عطاء سے "علم و عمل" کو امت میں تقسیم کرنے کی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے گذشتہ روز بریڈ فورڈ کے وینوو فنکشن ہال میں منہاج القرآن بریڈ فورڈ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 56 ویں سالگرہ کی مرکزی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ مانچسٹر کے طالبعلم مبشر انور کی تلاوت کلام پاک اور علامہ محمد رمضان قادری کی نظامت میں منعقد ہونے والی تقریب میں عبدالقادر نوشاہی، ناصر کریم، محمد عمر، میلاد رضا قادری، اعجاز احمد صدیقی، علامہ سعید ہاشمی نے ہدیہ عقیدت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا جبکہ الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سائنسز مانچسٹر کی طالبات نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی شخصیت کے روحانی اور طالبعلم بلال حسینی نے تعلیمی پہلو پر اپنی تحقیق (Presentation) پیش کی۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری جیسی شخصیات بار بار عطا نہیں ہوتی وہ صاحب زمانہ ہیں اور صاحب زمانہ کو ہر کوئی پا تو سکتا ہے لیکن ہر کوئی ان کو پہچان نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جس طرح حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ساتھ تعلق و محبت اور عشق و وارفتگی کو جنون کی کیفیت بنا کر امت اور تحریکی کارکنوں کے دلوں کو حرارت پہنچائی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علم و روحانیت اور عمل و تقویٰ کے اس مقام پر فائز ہیں جس کا احاطہ کرنے کے الفاظ نہیں۔

صاحبزادہ حسن محی الدین نے کہا کہ اس پُرفتن دور میں جہاں ہر جانب نفسا نفسی کا عالم ہے امت مسلمہ کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ذات اللہ کریم کی خاص عنایت ہے۔ تقریب میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد کو متوجہ کرتے ہوئے صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت میں تفرقہ بازی کا قلع قمع کر کے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقطہ پر متحد کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریکی کارکنان دنیا بھر میں بالعموم اور عالم کفر میں بالخصوص اپنے کردار و عمل کو اپنے قائد کی شان کے مطابق بنا لیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنی ذات کی نفی کر کے اپنے کرداروں میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صفتیں، عادات، خلق، محبت، لہجہ اور گفتگو کو پنہاں کر لیں اور خود کو اس طرح کر لیں کہ ہر دیکھنے والا اس کے چال چلن سے پہچان جائے کہ یہ کوئی اور نہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کا عاشق اور متوالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دلوں کی تختیوں کو صاف و شفاف کر کے اپنے قائد کے نقش و رنگ کو ان پر سجا لیں اس دنیا کی محبت میں کچھ نہیں پڑا خود کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور دین اسلام کے لئے وقف کر دیں۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر حافظ شیراز الٰہی، سیکرٹری جنرل طاہر محمد، علامہ سہیل صدیقی، علامہ محمد صادق قریشی، علامہ اشفاق عالم قادری، علامہ بلال اشرفی، علامہ جنید عالم قادری، علامہ شاہد بابر، داؤد حسین مشہدی اور دیگر نے بھی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر تقریب کے آرگنائزر بریڈفورڈ کے حاجی اورنگزیب، رضوان رحمان، محمد قدیر اور محترمہ ریحانہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں تعظیم اور ہمنواؤں نے قوالی پیش کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top