سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 13 اسیران کی ضمانت کی منظوری، رہنماؤں کی مبارکباد

مورخہ: 19 مئی 2020ء

ظلم کرنیوالے نشان عبرت بنیں گے، کارکنوں پر جھوٹے مقدمے بنے
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور دیگر رہنماؤں کی مبارکباد

لاہور (19 مئی 2020) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 13 اسیران کو ضمانت ملنے پر مبارکباد دی اور کہا ہے کہ ان شا اللہ بے گناہوں کو مکمل انصاف بھی ملے گا اور ظلم کرنیوالے مزید نشانہ عبرت بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسیر کارکنان نے عزم و ہمت سے اس ظالم نظام کے جبر کا سامنا کیا۔ پوری تحریک اور اسکے کارکنان انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ اسیران کو بھی جلد ضمانت ملے گی چونکہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔

دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم معزز عدلیہ سے مکمل انصاف کی فراہمی کے خواستگار ہیں۔ سابق حکمرانوں کی ہدایت پر اس وقت کے ملزم آئی جی مشتاق سکھیرا کی نگرانی میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکنوں پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے خلاف احتجاج کرنے پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت جھوٹے مقدمات درج کئے گئے تھے جن میں سے 107 کو سزائیں سنائی گئیں۔ ایک کارکن دوران اسیری خالق حقیقی سے جا ملا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ نواز شریف، شہباز شریف نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی دشمنی میں انتقامی کارروائیوں کی انتہا کی۔ 14 بے گناہوں کو قتل کروایا گیا اور سینکڑوں پر جھوٹے مقدمات درج کروائے گئے۔

منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، جواد حامد، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ نے کہاکہ الحمدللہ 13 اسیران کو ضمانت ملی یہ انکی بے گناہی کا پہلا اعلان ہے۔ ان شاء اللہ بے گناہ کارکن با عزت رہا ہونگے۔ نعیم الدین چوہدری ایدووکیٹ نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جن اسیر کارکنوں کو ضمانت ملی ان میں عالم شیر، اعجاز حسین، تنویر، جمعہ خان، عباس علی، محمد بلال، عبد الصمد، محمد رمضان، محمد بشیر، ملازم حسین، محمد غازی، نعیم اللہ اور محمد نواز شامل ہیں۔ جواد حامد نے کہاکہ امید ہے جیل حکام لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر پر بلا تاخیر عملدرآمد کرتے ہوئے عید سے قبل رہائی کو یقینی بنائیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Minhaj TV
Quran Reading Pen
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top