منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے قربانی مہم کےلئے 25 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دیں
لاہور میں مرکزی قربان گاہ کےلئے جدید سلاٹر ہاؤس کا انتخاب کیا گیا ہے
گائے فی کس حصہ 13 ہزار روپے، بکرا 26 ہزار روپے اور چھترا 21 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے
قربانی کے تمام مراحل میں کورونا وباء کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیا جائیگا: سید امجد علی شاہ
بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، سید امجد علی شاہ نے انتظامی کمیٹیوں سے بریفننگ لی
لاہور (14 جولائی 2020) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام عید الاضحی 2020ء کے تینوں روز ہزاروں چھوٹے بڑے جانور قربان کیے جائیں گے، اجتماعی قربانی کی تیاریاں و انتظامات شروع کر دئے گئے ہیں۔ قربانی مہم کے سلسلے میں 25 انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ لاہور میں قائم کی جانیوالی مرکزی قربان گاہ میں بڑے جانوروں میں 10 ہزار سے زائد حصے ڈالے جائینگے۔ گائے فی کس حصہ 13 ہزار روپے، بکرا 26 ہزار روپے اور چھترا 21 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ 50 فی صد حصوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ لاہور میں مرکزی قربان گاہ کےلئے حفظان صحت اور شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کیلئے جدید سلاٹر ہاؤس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ کورنا وباء کومد نظر رکھتے ہوئے عید الاضحی کے تینوں روز احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ لاہور میں مرکزی قربان گاہ کے علاوہ ملک بھر میں 3 سو سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کئے جائینگے۔ لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم کی گئی مرکزی قربان گاہ میں سینکڑوں گائیں، بکرے، دنبے اور چھترے ذبح کر کے عید الاضحی پر سنت ابراہیمی کو زندہ کیا جائیگا۔ شرعی اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے صحت مند جانوروں کی بڑی تعداد میں خریداری کی جا چکی ہے، مزید جانوروں کی خریداری جاری ہے۔ نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے مرکزی سیکرٹریٹ میں انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے میٹنگ میں قربانی مہم کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے بریفننگ لی اور خریدے گئے جانوروں کی دیکھ بھال، سیکیورٹی اور خوراک کے حوالے سے رہنماؤں نے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
سید امجد علی شاہ نے قربانی مہم 2020ء کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عید قربان پر منہاج القرآن کے سینکڑوں کارکنان مرکزی قربان گاہ سے گوشت تیار کر کے غرباء، مساکین اور ضرورت مند افراد کے گھروں تک پہنچائیں گے۔ 50 سے زائد گاڑیوں کے ذریعے گوشت کی تقسیم کی جائے گی۔ قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پرلاءحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔ امجد شاہ نے مزید کہا کہ عید قربان کے تینوں روز فوری طبی امداد کیلئے تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم اور منہاج ایمبولینس سروس ہر وقت موجود ہو گی۔ منہاج ویلفیئر کے تحت کراچی، پنڈی، اسلام آباد، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، لیہ، ڈیرہ اسماعیل خان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں اجتماعی قربانی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مختلف ہسپتالوں، یتیم خانوں اور جیلوں میں کھانا تیار کر کے بھیجنے کیلئے پکوائی کے بھی تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی قربانی سے لے کر گوشت کی تقسیم تک تمام مراحل میں کورونا وباء کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیا جائیگا۔ اجلاس میں جواد حامد، خرم شہزاد، حاجی منظور حسین، عبد الرحمن، سعید اختر، میاں زاہد جاوید و دیگر انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان موجود تھے۔
تبصرہ