آنے والی نسلوں کا محفوظ مستقبل شجرکاری سے وابستہ ہے: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 18 اگست 2020ء

چار دہائیوں سے جنگلات کا رقبہ کم ہوتے ہوتے 25 فی صد سے 2 فی صد پر آ گیا ہے
منہاج القرآن تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم میں حصہ لے رہی ہے
قائد منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے پیغام دیا ہے کہ ہر شخص اپنے حصے کے دو درخت لگائے
جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور درختوں کی تعداد بڑھانا ناگزیر ہے: سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

لاہور (18 اگست 2020ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شجرکاری موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ قومی اور صوبائی سطح پر جنگلات کی بحالی کیلئے موثر اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کے ذریعے جنگلات کو فروغ دیا جا سکے۔ تحریک منہاج القرآن تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی سمیت زندگی کے ہر شعبے کے ساتھ مل کر پورے پاکستان میں شجرکاری مہم میں حصہ لے رہی ہے۔ مون سون کے موجودہ سیزن کے دوران ملک بھر کی تنظیمات کو پودے لگانے کے اہدف دے دیئے گئے ہیں۔ نئے پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ننھے پودوں کی حفاظت پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ شجرکاری مہم میں چاروں صوبوں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی پودے لگا رہے ہیں۔ آنے والی نسلوں کا محفوظ مستقبل شجرکاری سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، راجہ زاہد محمود، غلام مرتضیٰ علوی، سید مشرف شاہ، عرفان یوسف، حاجی منظور حسین، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، منصور قاسم، حافظ غلام فرید، عارف چوہدری و دیگر رہنما اجلاس میں موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوام کے محفوظ مستقبل اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور درختوں کی تعداد بڑھانا ناگزیر ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے درخت قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں۔ دنیا گلوبل وارمنگ کی زد میں ہے اور زمین کا ٹمپریچر بڑی تیزی سے بڑھ رہا ہے بدقسمتی سے پاکستان ان دس ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو گلوبل وارمنگ کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر منہاج القرآن کے جملہ کارکنان کو شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قائد منہاج القرآن نے پیغام دیا ہے کہ ہر کارکن اپنے حصے کے دو درخت لگائے۔ جہاں درخت لگانے کی جگہ نہ ہو ان گھروں میں گملوں میں پودے لگا کر اس قومی مہم کا حصہ بنا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخت صدقہ جاریہ ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں گزشتہ چار دہائیوں سے جنگلات کا رقبہ کم ہوتے ہوتے 25 فی صد سے 2 فی صد پر آ گیا ہے۔ کرپشن اور بدعنوانی اس قدر زیادہ ہو گئی کہ جنگلات کے جنگلات کاٹ کر بیچ کھائے گئے۔ جنگلات کے خاتمے کے باعث ہم ماحولیاتی آلودگی جیسے بدترین انسانی مسئلہ سے دوچار ہو چکے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top