منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، عہدیدران کی شرکت

استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں لاہور بھر میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے: حافظ غلام فرید
تحریک منہاج القرآن کا 40 واں یوم تاسیس جوش و خروش سے منایا جائے گا
19 اکتوبر کو مغلپورہ چوک سے شالامار چوک باغبانپورہ تک استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالا جائے گا
اشتیاق حنیف مغل، میاں حنیف قادری، حفیظ اللہ جاوید، انجینئر ثناء اللہ خان، علامہ احسن اویس، میاں ممتاز کی اجلاس میں شرکت

لاہور (13 اکتوبر 2020) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید نے کی۔ اجلاس میں ضلعی، پی پی اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے جملہ فورمزکے عہدیدران شریک ہوئے۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن کے 40 ویں یوم تاسیس، استقبال ربیع الاول کے سلسلہ میں نکالے جانیوالے مشعل بردار جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی اور 37 ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا 40 واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں انتہائی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 40 سالوں پر مشتمل جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب 17 اکتوبر (ہفتہ) کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی۔

حافظ غلام فرید نے اعلان کیا کہ استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں پورے لاہور سے پی پی، ٹاؤنز اور یونین کونسل سطح تک سو سے زائد مقامات سے مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ درود و سلام کی صداؤں میں نکالے جانیوالے مشعل بردار جلوسوں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشعل برادروں جلوسوں میں شرکت کرنے والے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ 19 اکتوبر کو مغلپورہ چوک سے شالامار چوک باغبانپورہ تک استقبال ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالا جائے گا۔ واہگہ ٹاؤن، جلو، عزیز بھٹی ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن سے بھی مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ ربیع الاول کے پورے مہینے لاہور میں مشعل بردار جلوس نکالنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ماہ ربیع الاول کی آمد کی خوشی میں نکالے جانیوالے جلوسوں میں ہزاروں عشاقان مصطفی شرکت کر کے حضور اکرم ﷺ سے محبت و وفا کا اظہار کرینگے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ مشعل بردار جلوس میں لوگ باوضو ہو کر شرکت کر کے ماہ ربیع الاول کا استقبال کریں۔ جلوس میں منہاج یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نواجون سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ تحریک منہاج القرآن اور اسکے جملہ فورمز میزبان ہوں گے۔ منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین قیادت کریں گے۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے قائدین مشعل بردار جلوسوں میں خطابات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان علاقہ، تاجر برادری دیگر سماجی، سیاسی، مذہبی رہنما جگہ جگہ شرکائے جلوس کا استقبال کریں گے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی۔

ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ مشعل بردار جلوسوں کے راستے میں خیر مقدمی بینرز لگائے جائینگے، عمارتوں پر چراغاں کیا جائیگا، دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی۔ آمد ربیع الاول سے لاہور کی فضائیں آمد مصطفی مرحبا مرحبا، سیدی مرشدی یانبی یانبی اور درود و سلام سے معطر ہو جائیں گی، اس سلسلے میں انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں ہے، انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی روزانہ مغرب کی نماز کے بعد مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ضیافت میلاد کا اہتمام ہو گا۔ مرکزی سیکرٹریٹ اور گوشہ درود کی عمارت کو برقی قمقموں، رنگ برنگی لائٹوں سے سجایا جائے گا۔ مشعل بردار جلوسوں میں لوگوں کو مینار پاکستان پر ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے گی۔

اجلاس میں میاں حنیف قادری، حفیظ اللہ جاوید، انجینئر ثناء اللہ خان، علامہ احسن اویس، میاں ممتاز، اصغر ساجد، ریحان چودھری اور دیگر صدو ر و ناظمین صوبائی حلقہ جات لاہور نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top