ولادت مصطفی ﷺ کی خوشی کے سامنے ہر خوشی کم تر ہے: منہاج القرآن ویمن لیگ

عشق مصطفی ﷺ کے بغیر ایمان نامکمل، حب رسول ﷺ ایمانی زندگی کی روح ہے: فرح ناز
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ضیافت میلاد، سدرہ کرامت و دیگر کا اظہار خیال

Minhaj-ul-Quran Women League organizes Milad Dinner

لاہور (26 اکتوبر 2020ء) استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا، مرکزی صدر فرح ناز نے ضیافت میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ولادتِ مصطفی ﷺ کی خوشی کے سامنے دنیا کی ہر خوشی کم تر ہے، عشق مصطفیﷺ کے بغیر ایمان نامکمل ہے، حب رسول ﷺ ایمانی زندگی کی روح ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی سکالرز شہر شہر اور گاؤں گاؤں جا کر سیرت النبی ﷺ پر لیکچرز دے رہی ہیں، منہاج القرآن ویمن لیگ کے اس دعوتی، تعلیمی، تربیتی کردار کے باعث گھر گھر عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں روشن ہورہی ہیں۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں کوئی سیاسی، مذہبی پلیٹ فارم ایسا نہیں ہے جہاں سے ایک دوسرے کو برا بھلا نہ کہا جارہا ہو، ایک دوسرے کے ایمان اور عقائد پر رقیق حملے نہ ہورہے ہوں، افراتفری کی اس فضاء میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت اور منہاج القرآن ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سے پیار، محبت، بین المسالک ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری، اعتدال اوراتحادِ امت کی آواز بلند ہورہی ہے، اس پلیٹ فارم سے دلوں کو توڑنے نہیں جوڑنے کی بات ہوتی ہے اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے ہزاروں ہاتھ اللہ کے حضور بلند ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے ہاں فرقہ واریت نہیں اجتماعیت ہے، عقیدہ صحیحہ کا تحفظ و احیاء، تجدید و اجتہاد، توحید وسیرت مصطفی ﷺ کا ذکر اور ایمان اور آخرت کی فکر ہے۔

ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سیرت النبی ﷺ کانفرنسز اور دیگر دعوتی، تعلیمی، تربیتی پروگرامز کی تفصیلات کے بارے میں شرکائے ضیافت میلاد کو آگاہ کیا۔ سدرہ کرامت نے شرکائے ضیافت میلاد کو دعوت عام دیتے ہوئے کہا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان 37ویں عالمی میلاد کانفرنس منعقد ہو گی، کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے، انہوں نے شرکاء کو عزیز و اقارب کے ہمراہ شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر منہاج کالج برائے خواتین کی پرنسپل ڈاکٹر ثمر فاطمہ، ڈاکٹر نوشابہ، ڈاکٹر شاہدہ، عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل، انیلا ڈوگر، ارشاد اقبال، رافعہ عروج ملک، ام کلثوم طفیل و دیگر خواتین رہنما اور سینکڑوں کارکنان موجود تھیں۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت عروج فاطمہ نے حاصل کی، نعت سرور کونین سدرہ انور، منزہ ساجد اور نورینہ امتیاز نے پیش کی۔ ضیافت میلاد کے اختتام پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top