تحریک منہاج القرآن کی ضیافت میلاد، مختلف مذاہب و مسالک کے نمائندوں کی شرکت
لاہور (29 اکتوبر 2020) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ 12 روزہ محافل میلاد و ضیافت میلاد میں 23 اکتوبر 2020ء کو مختلف مذاہب کے نمائندگان اور مختلف مسالک کے علماء کرام نے خصوصی شرکت کی۔ ”پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات اور بین المذاہب رواداری“ کے موضوع پر منعقدہ ضیافت میلاد کی تقریب میں معزز علماء کرام میں علامہ عاصم، علامہ مخدوم زبیر عبید، علامہ عارف چشتی، علامہ غلام عباس شیرازی اور علامہ محمود غزنوی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سکھ، مسیحی اور ہندو راہنماء بھی شریک ہوئے۔ مسیحی راہنماؤں میں ماڈریٹر پریسبٹیرین چرچ آف پاکستان ریونڈ مجید ایبل، ڈائریکٹر پیس سنٹر کیتھولک چرچ آف پاکستان ڈاکٹر فرانسس جیمز چنن، ریونڈ سمویل نواب، ریونڈ حنوک حق، ریونڈ سلیم کھوکھر، ریونڈ عرفان، ریونڈ سلیم سلطان، ایم پی اے عمران ہارون گل، ڈاکٹر ہرمن، نصیر جان، ساجد کرسٹوفر، ریونڈ سموئیل پیارا، سکھ راہنماؤں میں سردار درشن سنگھ، سردار سنی سنگھ، سردار گیانی رنجیت سنگھ، اور ہندو راہنماؤں میں پروفیسر سروابھوما، ارون کمار شامل تھے۔
اس موقع تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور سہیل رضا بھی موجود تھے۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا کی دعوت پر شرکت نے والے مختلف مذاہب کے نمائندوں اور مسالک کے علماء کرام نے پیغمبر اسلام کے یوم ولادت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی خطاب کیا اور تمام معزز مہمانوں کی منہاج القرآن آمد پر شکریہ ادا کیا۔ آخر میں معزز مہمانوں، تمام مذاہب و مسالک کے نمائندوں نے پیغمبر اسلام ﷺ کی ولادت کی خوشی میں کیک کاٹا۔ تمام مذاہب کے نمائندوں نے اپنے عقائد کے مطابق عالمی امن کے لیے دعا کی، امن مشعل روشن کی، جس کے بعد تمام شرکاء کو ضیافت دی گئی۔
تبصرہ