قدوۃ الاولیاء حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی کے یوم ولادت پر تقریب کا انعقاد
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کیک کاٹا، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا
لاہور (6 نومبر 2020) تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست شہزادہ غوث الوریٰ قدوۃ الاولیاء حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس عظیم الشان روحانی تقریب میں جی ایم ملک، راجہ زاہد محمود، قاضی فیض الاسلام، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحق، حافظ عابد بشیر، الیاس ڈوگر، عارف چوہدری سمیت تحریک منہاج القرآن، بزم قادریہ کے رہنماؤں اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں حضور پیر سید نا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ روحانی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حضور سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ نے تجدید دین، تصوف کے احیاء اور اصلاح معاشرہ کیلئے عالمگیر سطح پر جو کاوشیں کی ہیں اس نے لاکھوں مسلمانوں کی زندگیاں بدل دی ہیں اور انہیں دین اسلام کا سچا خادم بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کریم ہمیں حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی کے فیوض و برکات سے مستفیض فرمائے۔
تبصرہ