جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’مفتی کورس‘‘ کا اجراء

لاہور (11 نومبر 2020ء) جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے زیراہتمام دو سالہ مفتی کورس کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ دو سالہ مفتی کورس کا نام ’’التخصص فی الفقہ‘‘ رکھا گیا ہے۔ مفتی کورس کے حوالے سے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسلکی سوچ سے بالاتر اس مفتی کورس کے نصاب کو مصر، سوڈان اور تیونس کے سکالرز پڑھائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پوری دنیا میں حلال انڈسٹری فروغ پذیر ہے اور اس کیلئے کوالیفائیڈ شریعہ سکالرز کی ضرورت ہے۔ ایک مسلمان زندگی میں مختلف نوع کے شرعی و فقہی مسائل سے دوچار ہوتا ہے جن کا تعلق حلال حرام، جائز ناجائز، عقیدے اور ایمانیات سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم جسم کو لاحق بیماری کے علاج کیلئے کوالفائیڈ ڈاکٹر اور سرجن کا انتخاب کرتے ہیں اور نیم حکیموں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں اسی طرح شرعی اور فقہی معاملات میں بھی کوالیفائیڈ سکالرز سے رجوع کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیم حکیم خطرہ جان ہوتا ہے اسی طرح نامکمل فقہی علم رکھنے والا خطرہ ایمان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے علم و تربیت کے شعبے میں ہمیشہ عصری تقاضوں اور ضروریات کو پیش نظر رکھا ہے مفتی کورس کا اجرا انہی علمی، دینی کاوشوں کا تسلسل ہے۔

ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکری رہنمائی، سرپرستی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی نگرانی میں سینئرز سکالرز نے بڑی عرق ریزی کے ساتھ مفتی کورس کے نصاب کو حتمی شکل دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مفتی کورس کا نصاب ہر نوع کی مسلکی فکر سے بالاتر ہے اسے علمی، تحقیقی بنیادوں پر ترتیب دیا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ مفتی کورس کے فارغ التحصیل سکالرز دنیا کے ہر ملک اور خطے میں اپنی دینی، علمی، فقہی خدمات انجام دے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عربی اور انگریزی زبانیں اس وقت اقتصادی اور علمی حوالے سے بین الاقوامی رابطے کی زبانیں ہیں۔ مفتی کورس میں داخل ہونے والے طلبہ کو مذکورہ زبانوں میں مہارت کیلئے خصوصی لیکچرز اور تربیت بھی دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جدید ذرائع تحقیق کے استعمال کی ٹریننگ مفتی کورس کے تدریسی پروگرام کا جزو لاینفک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الشہادۃ العالمیہ یا اس کے مساوی ایچ ای سی کی منظور شدہ ڈگری ہولڈرز داخلہ کیلئے اہل ہیں۔ حتمی داخلہ کیلئے ٹیسٹ اور انٹریو ہو گا۔ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہاکہ اپنی نوعیت کے اس منفرد اور پہلے کورس کے داخلے کی نشستیں محدود ہیں، امیدواروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت دستیاب ہے۔ مزید معلومات کیلئے جامعہ کی ویب سائٹ WWW.COSIS.EDU.PK وزٹ کریں۔ براہ راست 03338583588 نمبر پر فون کر کے معلومات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top