ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کا اجلاس 3 دسمبر کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں ہو گا

ملکی سالمیت کے لئے اختلافات بھلا کر اتحاد و اخوت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا: خرم نواز گنڈاپور
بین المسالک رواداری کے لئے منہاج القرآن کی عملی کاوشوں کو سراہتے ہیں: لیاقت بلوچ
اجلاس میں منہاج القرآن، جماعت اسلامی، جمیعت علمائے پاکستان، وحدت المسلمین، شیعہ علماء کونسل کے رہنما شریک ہونگے

لاہور (28 نومبر 2020) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی مجلس عاملہ کا اجلاس 3 دسمبر (جمعرات ) کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گا۔ اجلاس میں تحریک منہاج القرآن، جماعت اسلامی، جمیعت علمائے پاکستان، مجلس وحدت المسلمین، شیعہ علماء کونسل کے رہنماءوں سمیت ملی یکجہتی کونسل میں شامل دیگر جماعتوں کے قائدین بھی شرکت کرینگے۔

اجلاس کے انتظامات، تیاریوں اور ایجنڈہ کے حوالے سے سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ثاقب اکبرنے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ناظم اعلیٰ منہاج القرآن، نائب صدر ملی یکجہتی کونسل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی۔

خرم نواز گنڈاپور نے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ ملکی سا لمیت، یکجہتی، استحکام اور نظام مصطفی کےلئے مل کر جدوجہد کی جائے۔ پاکستان میں دینی وحدت، یکجہتی، بین المسالک رواداری، انتہا پسندی کے خاتمے اور ہم آہنگی کے فروغ کےلئے ملی یکجہتی ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے اتحاد بین المسلمین، رواداری کے فروغ کی اہمیت و ضرور ت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ملکی سا لمیت اور استحکام کے لئے اختلافات بھلا کر اتحاد و اخوت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ میں اتحاد و وحدت کا پیغام دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے خیر خواہی اور نصیحت کا درس دیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت اور قوم پرستی نے ہمیشہ پر امن معاشرے کو نقصان پہنچایا ہے۔ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و اتفاق وقت کی ضرورت ہے۔

لیاقت بلوچ نے بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری کےلئے منہاج القرآن کی عملی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس امت و اتحاد و یگانگت کا پیغام دے گا۔ انہوں نے کہاکہ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل میں مزید جماعتوں کو شامل کرنے اور اسے مزید وسیع کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔

3 دسمبر کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں ہونیوالے ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر ابو الخیر محمد زبیر، لیاقت بلوچ، خرم نواز گنڈاپور، عبد الغفار روپڑی، علامہ زبیر احمد ظہیر، اللہ وسایا، ضیا اللہ شاہ بخاری، زاہد محمود قاسمی، پروفیسر ابراہیم، مولانا زاہد الراشدی، ایوب بیگ، علامہ جعفر نقوی اور سید عباس نقوی سمیت دیگر اہم رہنما شرکت کرینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top