’دعوت بذریعہ سوشل میڈیا‘‘ کانفرنس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خطاب
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ”نظام دعوت بذریعہ سوشل میڈیا“ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فی زمانہ سوشل میڈیا خدمت دین و خدمت انسانیت، کردار سازی اور تعلیم و تعلم کے فروغ کا طاقتور ترین ذریعہ اظہار ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہر دور کے تقاضوں کے مطابق دعوتِ دین اور تعلیم و تحقیق پر فوکس کیا ہے اور امت کی بروقت رہنمائی کی، منہاج القرآن کے ذمہ داران اور کارکنان جدید دعوتی ابلاغی اسلوب کو اختیار کریں، ہر کان تک حق کی آواز کو پہنچانا بطور مسلمان ہمارا دینی، قومی و ملی فریضہ ہے، دعوت کی ذمہ داری ایک عظیم نعمت بھی ہے اور سنت مبارکہ بھی۔
انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند اور توانا جسم کے لئے جو اہمیت اور ناگزیریت صاف اور صالح خون کی ہوتی ہے وہی ضرورت و اہمیت ایمانی زندگی میں دعوت کے عمل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل انسانی جسم کو کنٹرول کرتا ہے، پورے جسمانی اعضاء کو دل کے ذریعے صاف خون مہیا ہوتا ہے، یہی خون تمام جسمانی اعضاء کو صحت مند اور فعال رکھتا ہے، اسی طرح تحریکوں میں نظریہ دینے والے قائد کی حیثیت دل جیسی ہوتی ہے جس کی نظر تحریک کے تمام نظام پر ہوتی ہے اور جہاں کہیں بھی ضعف آتا ہے تو قائد اس کی اصلاح کرتا ہے۔
آج ہمیں سوشل میڈیا کے جدید ٹولز کے ذریعے ماضی کی طرح قائد کی آواز کے ذریعے اصلاح احوال اور اصلاح معاشرہ کے عظیم مشن کو آگے بڑھانا ہے اور نئی نسل کو دین مصطفوی کے علم، امن اور تحقیق والے پیغام سے ہم آہنگ بھی کرنا ہے اور اسے دعوتِ حق کا پیامبر بھی بنانا ہے۔
کانفرنس سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن ڈاکٹر محمد رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، میاں عبدالقادر نے خطاب کیا، اس موقع پر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان چیئرمین سپریم کونسل کے ہمراہ سٹیج پر موجود تھے، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کانفرنس میں آن لائن شرکت کی۔کانفرنس میں نائب ناظم اعلیٰ احمد نواز انجم، علامہ رانا محمد ادریس سیدا الطاف حسین شاہ، فرح ناز، سدرہ کرامت، جواد حامد، حاجی منظور حسین، راجہ محمد زاہد، میاں ریحان مقبول، قاضی مظہر فرید سمیت ضلعی صدور اور سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل نے منہاج القرآن لاہور کے رہنما حبیب اللہ بٹ مرحوم کی تحریک کے لئے عظیم الشان خدمات پر ان کے لئے خصوصی شیلڈ کااعلان کیا اور کانفرنس میں ان کی بخشش اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر حبیب اللہ بٹ مرحوم کے بڑے بھائی اور صاحبزادے بھی موجود تھے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے منہاج القرآن کے ویژن 2025ء پر روشنی ڈالی۔ دعوت بذریعہ سوشل میڈیا کے حوالے سے قائم کئے گئے خصوصی ڈیسک کا کوآرڈینیٹر حفیظ اللہ جاوید کو مقرر کیا گیا ہے۔
تبصرہ