قرآن ذکر عظیم اور بہترین عبادت ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
منہاج القرآن خدمتِ قرآن کی سب سے بڑی علمی، تحقیقی، تربیتی تحریک ہے
منہاج القرآن کو قرآن مجید کے 10 زبانوں میں تراجم کا اعزاز حاصل ہے
شیخ الاسلام نے پانچ ہزار موضوعات پر مشتمل قرآنک انسائیکلوپیڈیا تالیف کیا
”الہدایہ“کے زیر اہتمام 40 روزہ ترجمہ و تفسیر کورس کی تقریب سے خطاب
بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، فرح ناز، عائشہ شبیر، انیلا الیاس، کلثوم طفیل نے خطاب کیا
لاہور (21 جنوری 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے ”الہدایہ“ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ترجمہ و تفسیر کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن ذکر عظیم اور ایک بہترین عبادت ہے۔ دنیاوی زندگی کی کامیابی کے لئے سوشل سائنسز جبکہ قرآن دنیوی اوراخروی زندگیوں کے لئے کامیابی کی ضمانت ہے۔ منہاج القرآن فی زمانہ خدمتِ قرآن اور علوم القرآن کی ترویج و اشاعت کی سب سے بڑی علمی، تحقیقی، تربیتی تحریک ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پانچ ہزار موضوعات اور 8 جلدوں پر مشتمل جو قرآنی انسائیکلوپیڈیا تالیف کیا ہے اس سے دنیا بھر میں مسلم، غیر مسلم سکالر اور عام شہری استفادہ کررہے ہیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے دنیا کی دس زبانوں میں قرآن مجید کے تراجم ہو چکے ہیں جن میں انگریزی، نارویجن، گریک، سندھی، ہندی زبانیں شامل ہیں جبکہ ڈینش، فرنچ، بنگالی اور پشتو زبانوں میں تراجم تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اردو میں تالیف کیے گئے قرآنک انسائیکلوپیڈیا کے انگریزی، ہندی اور عربی زبانوں میں بھی تراجم ہو چکے ہیں۔ اختتامی تقریب سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز، عائشہ شبیر، انیلاالیاس، کلثوم طفیل، عائشہ مبشر نے بھی خطاب کیا۔
فرح ناز نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کا الہدایہ ڈیپارٹمنٹ خواتین کو آن لائن ترجمہ و تفسیر کورسز کروا رہا ہے۔ حالیہ کورس میں پاکستان اور پاکستان سے باہر پانچ سو خواتین نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا ترجمہ و تفسیر کورس کے حوالے سے بطور سکالر عائشہ شبیر، انیلاالیاس، حبیبہ اسماعیل، ہاجرہ قطب اعوان، فاطمہ سعید، حافظہ سحر عنبرین، عاصمہ علی، اقراء مبین نے لیکچرز دئیے۔ انہوں نے بتایا کہ ترجمہ و تفسیر کورس میں سورۃ الفاتحہ، سورۃ الحجرات، سورۃ النساء، سورۃ النور، سورۃ یاسین سورۃ الملک، سورۃ العلق، سورۃ اخلاص، سورۃ الواقعہ،، سورۃ الضحٰی، سورۃ العصر اور سورۃ القارعہ شامل تھیں۔ ترجمہ و تفسیر کے اختتامی کورس کے پہلے سیشن میں ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر رہنماء شریک تھیں۔ تقریب میں سینکڑوں خواتین نے آن لائن شرکت کی اور کامیاب ترجمہ و تفسیر کورس کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر اچھی تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کو انعامات دئیے گئے۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کامیاب کورس کے انعقاد پرالہدایہ ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر اور دیگر ذمہ داران کو اس خدمتِ قرآن پر مبارکباد دی۔
تبصرہ