تحریک منہاج القرآن لاہور کا اجلاس، عہدیداران، پی پی صدور، ناظمین کی شرکت
امن و سکون مہذب انسانی معاشرے کی اعلیٰ خصوصیت ہے: رفیق نجم
منہاج القرآن کی جدوجہد فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ہے: حافظ غلام فرید
پی پی 156، 157، 162، 163 اور 164 کے صدور، ناظمین نے تنظیمی کارکردگی کی رپورٹ پیش
کی
لاہور (6 فروری 2021) تحریک منہاج القرآن لاہور کا اجلاس نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ منہاج القرآن لاہورکے صدر حافظ غلام فرید، ناظم اشتیاق حنیف مغل و دیگر ضلعی رہنماءوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پی پی 156، 157، 162، 163 اور 164 کے صدور، ناظمین و دیگر عہدیداران نے تنظیمی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ رواں ماہ کے آخر تک تمام پی پی حلقوں میں یونین کونسل سطح تک تنظیم سازی مکمل کر لی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ اسلام دین اعتدال ہے۔ اسلام کا لغوی مفہوم ہی سلامتی، امن، سکون اور تسلیم و رضا ہے۔ امن و سکون مہذب انسانی معاشرے کی اعلیٰ خصوصیت ہے۔ جہاں توازن و اعتدال نہیں وہاں ظلم و تشدد ہے۔
تحریک منہاج القرآن کے مقاصد و اہداف میں اصلاح احوال امت، امت میں اتحاد و یگانگنت، بین المذاہب ہم آہنگی و رواداری، انتہا پسندی کا خاتمہ اور امن کا فروغ سر فہرست ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمدطاہر القادری کی سرپرستی میں علم و عمل اور تعلیم وتربیت کے اس مصطفوی مشن نے چار دہاہیوں کے مختصر عرصہ میں احیاء اسلام، اتحاد امت، قیام امن اور فکری و روحانی تربیت کے لیے بے مثال خدمات سرانجام دی ہیں۔ دین اسلام زندگی کے ہرشعبہ میں عدل و انصاف اورمیانہ روی کا داعی ہے۔ اگر ہم اپنے مزاجوں میں اعتدال اور میانہ روی لے آیں، ایک دوسرے کی بات کو خندہ پیشانی، تحمل اور برداشت سے سننے کی عادت اپنا لیں تو اختلاف کی جگہ محبت، یگانگت اور باہم موافقت ہماری زندگیوں میں آجائیں گی نفرت کی دیواریں گر جائیں گی۔
منہاج القرآن لاہو رکے صدر حافظ غلام فرید نے کہا کہ منہاج القرآن کے سکالرز نے فرقہ واریت، انتہا پسندی اور تکفریت کا پرچار کرنے والوں کا راستہ ہمیشہ دلیل سے روکا ہے۔ حالات کی نزاکت اور سنگینی کا تقاضہ ہے کہ نفرت، بغض انتشار کا خاتمہ کرکے باہمی محبت، اخوت، یگانگت اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اسی میں ہماری فلاح و بقا اور نجات مضمر ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد فرقہ واریت کے خاتمے محبت اور بھائی چارے کے لیے ہے۔ پاکستان کا استحکام اور ترقی، فرقہ پرستی کے خاتمے اور باہمی اتحاد و یکجہتی میں پنہاں ہے۔ اجلاس میں انجینئر ثناء اللہ خان، چوہدری اقبال، اصغر ساجد، شہباز بھٹی، مرزا محمد ندیم بیگ، میاں محمد ارشد، طارق الطاف، اظہر حسین اور حاجی اختر نے شرکت کی۔
تبصرہ