منہاج القرآن کو نظام المدارس پاکستان کے نام سے وفاق کا درجہ مل گیا

مدارس کے طلباء کو قومی دھارے میں لانے کے لیے نصاب میں جامع اصلاحات ناگزیر ہیں: خرم نواز گنڈا پور
نئے بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ قابل تحسین، بہترین نصاب تعلیم اور نظام تعلیم کے ذریعے انتہاء پسندی جیسی بیماریوں کو جڑ سے کاٹنا ہوگا
نظام المدارس پاکستان کے مرکزی صدر علامہ امداداللہ قادری، ناظم اعلیٰ علامہ آصف اکبر، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی کے ہمراہ پریس کانفرنس

لاہور (10 فروری 2021ء) ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ انتہاء پسندی، فرقہ واریت کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان اور اس کے عوام کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ نئے بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ قابل تحسین ہے، اس میں ان تعلیمی اداروں کو شامل کیا گیا ہے جو اپنے طور پر عصری تقاضوں سے ہم أہنگ تعلیم دے رہے تھے۔ وہ گزشتہ روز منہاج القرآن انٹرنیشنل کونظام المدارس کا درجہ ملنے کے بعد نظام المدارس پاکستان کے مرکزی صدر علامہ امداداللہ قادری، ناظم اعلیٰ علامہ آصف اکبر، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو انسانیت کو اعتدال، برداشت، رواداری، عفو و درگزر کی تعلیم دیتا ہے، اگر یہ اسلامی اور انسانی اقدار پروان نہیں چڑھ رہی ہیں تو اس کا مطلب ہمارے نظام تعلیم میں نقص ہے جسے نصابی اصلاحات کے ذریعے دور کرنے کی ضرورت ہے، انتہاءپسندی، فرقہ واریت، عدم برداشت اور دہشت گردی کا نقصان ہمارے کسی دشمن کو نہیں پہنچا ان عوارض کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو پہنچا اب بہترین نصاب تعلیم اور نظام تعلیم کے ذریعے انتہا پسندی جیسی بیماریوں کو جڑ سے کاٹنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کے بچوں کا حق ہے کہ وہ بھی قومی ترقی کے دھارے میں شامل ہوں اور فقط آئمہ مساجد بن کر نہ رہ جائیں انہیں ایسی تعلیم ملنی چاہیئے کہ وہ ہر سطح کے مقابلوں کے امتحانات میں بیٹھ سکیں اور اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کر سکیں، ہم چاہتے ہیں مدارس کے طلبا بہترین عربی بولیں اور اس کے ساتھ ساتھ انگریزی، ریاضی اور دیگر سائنسی علوم بھی پڑھیں تبھی ان کے لیے سپیس پیدا ہوگی، ہم مدارس کے علمی مقام و مرتبہ اور وقار کا احیاء چاہتے ہیں، جس طرح جامعہ الاظہر مصر پوری دنیا کے طلبا کی توجہ کا مرکز ہے ہم چاہتے ہیں ہمارا نظام اور اس نصاب بھی اس نہج پر توجہ کا حامل ہو۔

ان شا اللہ نظام المدارس پاکستان کے پلیٹ فارم سے ان قومی مقاصد کا حصول یقینی بنائیں گے، مدارس کے طلبا کو عربی انگریزی بول چال میں دسترس حاصل ہونی چاہیے۔ مدارس اور ان کے طلباء کا سیاسی سرگرمیوں سے کو ئی واسطہ نہیں ہونا چاہیے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مدارس کی رجسٹریشن اور اکاونٹس کی دیکھ بھال کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، دین کی خدمت کے جزبہ کے ساتھ مدارس کا نظام چلانے والوں کو چیک اینڈ بیلنس سے گھبرانا نہیں چاہیئے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top