جمعیت علمائے پاکستان کے وفد کی ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان سے ملاقات

مورخہ: 03 مارچ 2021ء

دینی مدارس کو علم و امن کے حقیقی مراکز بنائیں گے: مفتی میر محمد آصف اکبر
قومی یکجہتی کے لئے دینی مدارس کا کردار اہم ہے، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان
مدارس کے طلباء کو شرعی علوم کے ساتھ جدید علوم پڑھانا ہوں گے، وفد سے ملاقات میں گفتگو
جے یو پی کے سیکرٹری جنرل علامہ پیر صفدر شاہ گیلانی اور علامہ محمد خان لغاری نے نظام المدارس پاکستان کا ناظم اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی

Nizam ul Madaris

لاہور (3 مارچ 2021ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماؤں پر مشتمل وفد نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان مفتی میر محمد آصف اکبر قادری سے ملاقات کی، صاحبزادہ پیر سید صفدر حسین شاہ گیلانی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان اور علامہ محمد خان لغاری و دیگر رہنماؤں نے علامہ میر محمد آصف اکبر قادری کو نظام المدارس پاکستان کا ناظم اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا، ملاقات میں علامہ محمد اشفاق چشتی بھی موجود تھے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ میر محمد آصف اکبر قادری نے کہا کہ دینی مدارس کو علم و امن کے حقیقی مراکز بنائیں گے، قومی یکجہتی کے لئے دینی مدارس کا کردار اہم ہے، مدارس کے طلباء کو شرعی علوم کے ساتھ ساتھ جدید علوم پڑھانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کو سراپا امن و سلامتی بنانا ہو گا، علامہ میر محمد آصف اکبر قادری نے کہا کہ ضروری ہو گیا ہے کہ اس ضرورت کو اب ضروری سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں قومی یکجہتی کے قیام اور امن و محبت کو عام کرنے میں مدارس اسلامیہ کو کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا، امن و محبت اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینا ہو گا، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں وسعت نظری اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کے لئے عملی کوششیں کرنا ہوں گی، مدارس کے طلبہ کو جدید حالات سے واقفیت، نئے رجحانات کی معلومات سے آگاہی دینا وقت کی ضرورت ہے۔

علامہ میر آصف اکبر قادری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس پر چند مفاد پرست لوگوں کی اجارہ داری تھی جو ہر حکومت سے خود تو تمام عہدے اور مراعات بھی لیتے تھے مگر دینی مدارس کے ناظمین، طلبہ اور دیگر ذمہ داران کو اپنا غلام بنانے کے لئے ہمیں یہ باور کرواتے تھے کہ حکومتیں مدارس کو ختم کر دیں گی، ایسے مفاد پرست عناصر اپنے ذاتی مفادات اور مراعات کے حصول کی جنگ لڑ رہے ہیں جس سے نقصان دینی مدارس کا ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اب کسی کی اجارہ داری نہیں چلے گی بلکہ کامیابی کا معیار صرف اور صرف میرٹ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ بورڈز کے بننے سے مدارس کو اور مدارس کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مدارس دینیہ دین اسلام کے قلعے، شعور و آگہی کے مراکز ہیں، دین کے احیاء اور فروغ میں مدارس دینیہ نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

علامہ میر محمد آصف اکبر قادری نے جمعیت علمائے پاکستان کے وفد کو بتایا کہ عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق دینی مدارس کے طلباء کو جدید علوم سے واقف ہونا بہت ضروری ہے، ایک وقت تھا کہ تعلیم صرف کتابوں سے دی جاتی تھی اب جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی درس و تدریس اور خطابات کا عمل جاری ہے، ابلاغ کا سب سے مؤثر ترین ذریعہ انفارمیشن اور ٹیکنالوجی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top