نظام المدارس پاکستان مئی کے وسط میں اپنی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کر دے گا

مورخہ: 21 مارچ 2021ء

ہزارہا مدارس الحاق کر چکے، مدارس دینیہ کے ناظمین نظام المدارس کو ٹھنڈی ہوا کا جھونکا قرار دے رہے ہیں
بہترین نصاب دینے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شکر گزار ہیں
نظام المدارس پاکستان ہر نوع کی سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے پاک ہو گا
ہمارا مقصد طلباء کی دینی و اخلاقی تربیت ہے
نظام المدارس پاکستان میں زیرتعلیم طلبہ کو میٹرک سے پی ایچ ڈی تک تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میسر ہوگی
نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر کی خصوصی گفتگو

لاہور (21 مارچ 2021) نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نظام المدارس پاکستان مئی کے وسط میں اپنی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کر دے گا۔ ہزارہا مدارس الحاق کر چکے، مدارس دینیہ کے ناظمین نظام المدارس کو ٹھنڈی ہوا کا جھونکا قرار دے رہے ہیں۔ بہترین اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کا تحفہ دینے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شکر گزار ہیں۔ نظام المدارس پاکستان ہر نوع کی سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے پاک ہو گا۔ ہمارا مقصد طلباء کی دینی و اخلاقی تربیت ہے۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر سے ہم آہنگ نصاب طلبہ کو پڑھانے کیلئے اپریل اور مئی میں اساتذہ کے ریفریشر کورسز کروائیں گے یہ کورسز کراچی، لاہور، اسلام آباد، ایبٹ آباد، کوئٹہ، پشاور، ملتان اور بہاولپور میں منعقد ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چند ہفتوں میں ملک بھر سے سینکڑوں دینی مدارس نے الحاق کرنے کے بعد قانونی طریقہ کار کے تحت اپنی سرکاری رجسٹریشن بھی کروا لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان سے الحاق کرنے والے مدارس کے زیرتعلیم طلبہ کو دینی اور دنیاوی مضامین پڑھانے میں مدد دیں گے۔ مدارس میں آئی ٹی لیب اور لائبریریاں بھی قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ الحاق کیلئے ملک بھر سے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا یہ کہنا کہ درس نظامی کا موجودہ نصاب 272 سال پرانا ہے اہل علم کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ 272 سال پرانا نصاب 21 ویں صدی کے تقاضے پورے نہیں کر سکتا۔ دینی مدارس کے لاکھوں طلبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے لاعلم رکھنا امانت اور دیانت کے اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے مدارس میں انگریزی اور ریاضی کے مضامین لازمی پڑھائے جائیں گے۔ نظام المدارس پاکستان سے الحاق کرنے والے مدارس کو تکنیکی اور فنی سپورٹ مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک بہت بڑا چیلنج قبول کیا ہے ان شاء اللہ تعالیٰ اس میں سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نظام المدارس پاکستان کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی بھرپور سرپرستی حاصل ہو گی۔ ان شاء اللہ تعالیٰ اس سرپرستی کے ذریعے ہر چیلنج کا مقابلہ بھی کریں گے۔ ہمارا مقصد ایک دین دار اور اخلاقی اعتبار سے تربیت یافتہ نسل تیار کرنا ہے جو اسلام کی وکیل بن کر پوری دنیا میں اشاعت دین کا فریضہ انجام دے۔ انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان میں زیرتعلیم طلبہ کو میٹرک سے پی ایچ ڈی تک تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میسر ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top