سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کائنات کی جنتی عورتوں کی سردار ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

لاہور (16 اپریل 2021) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کے یوم وصال کے موقع پر کہا ہے کہ سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا جنتی عورتوں اور تمام کائنات کی مومنات کی سردار ہیں۔ جب بنت رسول خاتم النبین ﷺ سے ملنے کے لئے تشریف لاتیں تو آپ ﷺ احتراماً کھڑے ہو جاتے تھے۔ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں مخاطب ہونے سے پہلے کہتے تھے یا رسول اللہ ﷺ میرے ماں اور باپ آپ پر قربان۔ ایک موقع پر حضور نبی اکرم ﷺ نے سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا سے مخاطب ہونے سے پہلے فرمایا اے فاطمہ میرے ماں باپ تجھ پر قربان۔ پیغمبر حق کی طرف سے اس طرح کا عزت و تکریم حصے میں آنا بہت بڑا اعزاز نعمت اور سعادت ہے جس کا کوئی بدل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا حضور نبی اکرم ﷺ کی محبوب بیٹی تھیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ آپ سے بے حد پیار فرماتے تھے۔ ایک صحابی رسول ﷺ نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے سوال کیا کہ رسول اللہ ﷺ کو سب سے زیادہ محبوب کون تھا؟ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا، پھر سوال کیا گیا مردوں میں سب سے زیادہ کون محبوب تھا؟ فرمایا فاطمہ سلام اللہ علیہا کا شوہر علی علیہ السلام۔ حضرت علی علیہ السلام اور حضرت سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی شادی کا فیصلہ آسمان سے آیا۔ سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا ایک صابرہ و شاکرہ اور عبادت و ریاضت میں منہمک رہنے والی خاتون تھیں۔ امور خانہ داری اپنے ہاتھوں سے انجام دیتیں اور مدد کے لئے کسی کو نہ بلاتی تھیں۔ آج کی خاتون کامیاب دنیوی و اخروی زندگی کے لئے سیدہ کائنات کو اپنا رول ماڈل بنائیں۔ کائنات کی اس عظیم اور جلیل القدر بیٹی کے بطن سے پیدا ہونے والے عظیم بیٹے حضرت امام حسین علیہ السلام نے کرہ ارض کی عظیم قربانی دے کر قیامت تک کے لئے دین مصطفی ﷺ کو سربلند کر دیا اور حسینی فکر حق اور سچائی کا استعارہ بنی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top