شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا منہاجینز فورم کی سالانہ تقریب سے خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاجینز ڈے کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاجینز تحریک منہاج القرآن کے مصطفوی مشن کے فروغ کے لئے عظیم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یوں تو سب کی خدمات قابل تحسین ہیں مگر منہاجینز تحریک کے ماتھے کا جھومر ہیں اور میرے فکر کے امین اور وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ 40 منہاجینز مختلف یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں اور اتنے ہی تعداد ڈگری مکمل کرنے کے قریب ہیں۔ منہاجینز زندگی کے ہر شعبہ میں لائق تحسین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 100 کے قریب منہاجینز مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بلاشبہ منہاجینز مصطفوی مشن کے فروغ میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے منہاجینز فورم کو کامیابی کے ساتھ چلانے پر ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، شہزاد رسول، جواد حامد، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، محمد عباس نقشبندی، نعیم الدین چودھری، غلام مرتضیٰ علوی، عبدالستار منہاجین، ناظم عابد بشیر قادری سمیت فورم کے تمام عہدیداروں کو مبارک باد دی اور کہا کہ منہاجینز مشن کا مستقبل اور اس کے تسلسل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علم، عمل، اخلاق اور سیرت و کردار میں اپنے آپ کو اور زیادہ خوبصورت بنائیں۔ اخلاق، طہارت، پاکیزگی اور صدق و اخلاص میں اپنے آنے والے دن کو گزرے ہوئے دن سے بہتر کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی خواہشات انسان کو اصل مقصد حیات سے دور کرتی ہیں، لیکن اپنے مضبوط کردار اور عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طاقت سے اپنے آپ کو دنیاوی آلائشوں سے پاک کریں۔

تقریب سے مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، مرکزی صدر منہاجینز ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، سینئر نائب صدر منہاجینز جواد حامد، سیکرٹری جنرل منہاجینز شہزاد رسول، ناظم منہاجینز عابد بشیر قادری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیرسرپرستی منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے برطانیہ بریڈ فورڈ میں 20 کنال اراضی پر ’’مدینۃ الزاہراء‘‘ کے نام سے ایک عظیم الشان اسلامی ثقافتی کمیونٹی مرکز تعمیر ہو رہا ہے، جو مغرب اور اسلام کے مابین غلط فہمی کے ازالہ اور آئندہ نسلوں کو اسلام کی تعلیمات سے جوڑنے کے لیے مرکزی کردار ادا کرے گا۔ اس مرکز پہ علامہ محمد افضل سعیدی (منہاجین) خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

صدر منہاجینز ڈاکٹر نعیم انور نعمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کے تعلیم یافتہ طبقہ کو جہالت کے خاتمہ اور رواداری کے فروغ کے لئے تعلیمی و تربیتی سطح پر اپنا قومی و دینی فریضہ انجام دینا ہوگا۔

جواد حامد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی زمانہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اتحادِ امت اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کی موثر اور توانا آواز ہے۔ شہزاد رسول نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مطالعہ اور تحقیق منہاج القرآن کے سکالرز کا طرہ امتیاز ہے۔

تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین اور منہاجینز فورم کے جملہ عہدیداران اور ممبرز شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں ممبران نے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور بیرون ملک سے آن لائن شرکت کی۔ فرانس سے علامہ حسن میر قادری، برطانیہ سے علامہ محمد نعیم طارق ہجویری، ناروے سے علامہ محمد اقبال فانی، جرمنی سے علامہ حافظ محمد افتخار بھی شریک ہوئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top