شب قدر اللہ کی نعمتوں اور رحمتوں کے بے حساب نزول اور حصول کی رات ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 09 مئی 2021ء

شب قدر قرآن مجید کا نزول مکمل ہوا، یہ مغفرت اور دعاؤں کی قبولیت کی رات ہے

لاہور (9 مئی 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شب قدر کی رات بڑی فضیلت اور مرتبہ والی ہے امت محمدیہ کے لیے یہ رات اللہ کا خاص تحفہ ہے اس ایک رات کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل ہے، اس مبارک رات قرآن مجید کا نزول مکمل ہوا، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے جس کا مفہوم ہے کہ جس شخص نے خالص اللہ کے لیے عبادت کی، گناہوں پر نادم ہوا اور پھر گناہوں کے اعادہ سے باز آ گیا تو اس شخص کے لئے اس رات کی عبادت پیغام مغفرت ونجات ہے۔ انھوں نے کہا کہ شب قدر آسمان سے فرش زمین پر اتنی کثرت کے ساتھ فرشتوں کا نزول ہوتا ہے کہ زمین تنگ ہو جاتی ہے، اس رات اللہ کی رحمت اپنے عروج پر ہوتی ہے اور اس رات اللہ سے مانگنے والے کبھی مایوس نہیں ہوتے۔ انھوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جب بتایا گیا کہ پچھلی امتوں کے افراد کی عمریں بہت طویل تھیں آپ صلی اللہ علیہ علیہ وآلہ وسلم نے خیال فرمایا کہ میری امت کی عمریں تھوڑی ہیں وہ سابقہ امتوں کی عبادت و ریاضت کو نہیں پہنچ پائے گی اس پر اللہ نے امت محمدیہ کو شب قدر کا تحفہ دیا اور فرمایا کہ اس ایک رات کی عبادت ہزار مہینوں سے افضل ہے، انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس رات کی تکریم اور عبادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بہت قدر و منزلت اور قبولیت والی رات ہے اس رات وطن عزیز کی سلامتی، اتحاد امت اور کورونا سے نجات کےلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top