لاہور، کراچی کا آلودہ ترین شہروں میں 12 ویں اور 15 ویں نمبر پر آنا لمحہ فکریہ ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

مورخہ: 18 مئی 2021ء

اسلام کے پیروکاروں کے ہاں ماحولیاتی آلودگی کا گراف بڑھنا افسوسناک ہے
ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے قومی پالیسی تشکیل دی جائے: صدر منہا ج القرآن انٹرنیشنل

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri

لاہور (18 مئی 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ائر کوالٹی انڈیکس کی تازہ ترین رپورٹ میں لاہور اور کراچی کا دنیا کے 100 آلودہ ترین شہروں میں 12 ویں اور15 ویں نمبر پر آنا باعث تشویش اور لمحہ فکریہ ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات بروئے کار نہ لائے گئے تو انسانی زندگی کیلئے مزید خطرات بڑھیں گے اور بیماریاں پھیلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کرہ ارض کا وہ واحد ضابطہ حیات ہے جو صفائی کو نصف ایمان قرار دیتا ہے۔ اسلام کے پیروکاروں کے ہاں ماحولیاتی آلودگی کا گراف بڑھنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کے بالواسطہ اور بلاواسطہ متعدد محرکات ہیں جن میں جنگلات کی شرح میں بتدریج کمی، دیہاتی آبادی کا شہروں کی طرف رجحان، قوانین پر عملدرآمد نہ ہونا، آبادی میں بے ہنگم اضافہ اور عوامی شعور کا نہ ہونا سرفہرست عوامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے دنیا میں ہر سال 70 لاکھ لوگ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے قومی اسمبلی، سینیٹ آف پاکستان اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ایک دن بحث کیلئے مقرر ہونا چاہیے، ایکسپرٹس کی بریفنگ لی جائے اور پھر اس ضمن میں ایک قومی پالیسی تشکیل دی جائے۔ بیداری شعور کیلئے سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں ایکسپرٹس کی بریفنگ رکھوائی جائے تاکہ ہر شہری ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے ضمن میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی کو روکا جائے۔ لاہور کراچی سمیت تمام شہروں میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے۔ بڑے شہروں میں رہائشی منصوبوں کی حوصلہ شکنی کر کے نئے شہر آباد کئے جائیں۔ زرعی زمینوں کو آباد کر کے ملک کے مجموعی رقبے کے کم از کم 25 فی صد حصے پر جنگلات لگانے کی منصوبہ بندی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فضائی غبار، سطح زمین اور زیر زمین پائی جانے والی آلودگی کی وجہ ماحولیاتی لاپرواہی پر مبنی رویے اور کمزور شہری مینجمنٹ بھی ہے۔ شجر کاری کے ساتھ ساتھ عوام میں ماحولیاتی شعور بھی پیدا کرنا ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top