قرآن مجید میں ہر مسئلہ کاحل موجود ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 04 جون 2021ء

دین اسلام کی دعوت دینے کا سب سے بہترین ذریعہ قرآن حکیم ہے
سفر نور کانفرنس سے علامہ جواد نقوی، ڈاکٹر راغب نعیمی، خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل کا خطاب
قرآن سے دوری کے باعث امت بحرانوں کا شکار ہے: صاحبزادہ سلطان احمد علی

لاہور (4 جون 2021) تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت (شعبہ کورسز)کے زیراہتمام علوم القرآن کے فروغ کے لئے منعقدہ ”سفر نور کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ قرآن مجید میں انسانیت کو درپیش ہر مسئلہ کاحل موجود ہے۔ قرآن مجید امت مسلمہ کو تقسیم اور تفرقہ سے روکتا ہے، آج امت کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ قرآن امت مسلمہ کے مابین اتحاد کی علامت ہے۔ قرآن مجید سے ہم جتنا تعلق استوار کرینگے اتنی ہی فکر و نظر میں وسعت آئے گی۔ قرآن مجید کو جب بھی پڑھا جائے ہر بار مطالب و مفاہیم کا ایک نیا جہان سامنے آتا ہے۔ سفر نور کانفرنس سے ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، سربراہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ سید جواد حسین نقوی، چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ سجادہ نشین حضرت سلطان باہو صاحبزادہ سلطان احمد علی، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران آغا جعفر روناس، پروفیسر سلیم چودھری، معروف کالم نگار صوفیہ بیدار، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ امجد چودھری، صدر آل پاکستان سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز بابر بٹ، کوآرڈینیٹر بزنس کمیونٹی گورنر پنجاب سید عظمت علی شاہ، حافظ سعید رضا بغدادی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ محمود مسعود، انیلا الیاس نے خطاب کیا۔

حافظ سعید رضا بغدادی نے سفر نور کورس کے حوالے سے بتایا کہ نظامت تربیت کے شعبہ کورسز کے زیر اہتمام اندرون و بیرون ملک لاکھوں خاندانوں کو علوم القرآن سے روشناس کروایا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی تعلیم و تربیت کا یہ سلسلہ جاری رہا ہے۔ 30 روزہ سفر نور کورس کی اختتامی تقریب سے ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمی علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا قرآن مجید کو پڑھیں تاکہ اللہ کی رحمتوں کا نزول ہو۔ اللہ نے فہم قرآن کو راہ ہدایت کے متلاشیوں کیلئے آسان بنا دیا۔ جو کوئی بھی قرآن مجید پڑھتا ہے مطالب و مفاہیم اللہ کریم اس کے ذہن میں ڈالتا چلا جاتا ہے۔ قرآن مجید نے ترقی و خوشحالی کے جو اصول متعین کئے جو بھی اس پر عمل کرے گا نفع پائے گا۔

تقریب سے سربراہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ علامہ سید جواد نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن قرآن کی خدمت کر رہی ہے اور قرآنی راستہ دکھا رہی ہے۔ موجودہ نسل تاریخ کی سب سے مظلوم اور قابل رحم نسل ہے، قرآن مجید سے دوری نے ہمیں مایوسی اور ذلت کے سوا کچھ نہیں دیا۔ فتنوں کے اس دور میں حفاظت صرف قرآن حکیم نے کرنی ہے۔ قرآنی علوم کا فروغ فی زمانہ دین اسلام کی سب سے بڑی خدمت ہے۔ نوجوان دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھیں۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ضروری ہے کہ دین کی دعوت و تربیت کے عمل کو وسیع کیا جائے اور خاص طور پر نئی نسل کو قرآن حکیم اور سنت نبوی ﷺ کی تعلیمات و ہدایات سے روشناس کروانے کیلئے زیادہ سے زیادہ محنت کی جائے۔

چیئرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ سجادہ نشین حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ قرآن حکیم کے ہوتے ہوئے امت کا زوال اللہ کی ناراضی ہے۔ جو بھی ہدایت کی نیت سے قرآن پاک پڑھتا ہے، سنتا ہے اس کیلئے اللہ تعالیٰ ہدایت کے راستے کھول دیتا ہے۔ قرآن حکیم کی تلاوت کریں، اسے سمجھیں اور اس پر عمل کریں۔ قرآن پاک کا ایک ایک لفظ اپنے اندر دانش و حکمت کے سمندر سموئے ہوئے ہے۔ ادارہ منہاج القرآن قرآن پاک کی بہت بڑی خدمت انجام دے رہا ہے۔

معروف کالم نویس صوفیہ بیدار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن حکیم امت کے اتحاد کی مقدس الوہی دستاویز ہے۔ اگر کوئی قرآن کو سمجھ کر اس پر عمل پیرا ہو جائے تو قرآن حکیم اس کو سیدھی راہ دکھاتا ہے۔ قرآن پاک کی تلاوت ایمان کو زندگی کی حرارت بخشتی ہے۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن پروفیسر سلیم چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن رجوع الی القرآن کی تحریک ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے علوم القرآن کے فروغ کیلیے کوالیفائیڈ اسلامک سکالرز پر مشتمل نظامت تربیت قائم کی۔ یہ نظامت پاکستان سمیت پوری دنیا میں قرآن مجید کو درست تلفظ کے ساتھ پڑھنے اور معانی و معارف سے آگاہ کرنے کے کورسز کروا رہی ہے، ان کورسز سے مستفید ہونے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل آغا جعفر روناس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج اس تقریب میں آ کر بڑی خوشی محسوس ہوئی ہے۔ قرآن حکیم کو جو لوگ مضبوطی سے تھام لیتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو بلند کر دیتا ہے۔ قرآن مجید میں تمام مسلمانوں کیلئے ہدایت ہے۔ قرآن مجید میں انسانوں کیلئے زندگی گزارنے کا طریقہ بیان کیا گیا ہے اس لئے تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ قرآن و سنت کی بنیاد پر متحد اور متفق ہوں۔

تقریب سے، چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ امجد چودھری، صدر آل پاکستان سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز بابر بٹ، کوآرڈینیٹر بزنس کمیونٹی گورنر پنجاب سید عظمت علی شاہ، نائب ناظم اعلیٰ (میڈیا افیئرز) نور اللہ صدیقی، انیلا الیاس ڈوگر، علامہ محمود مسعود نے بھی خطاب کیا۔ مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت، صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، صدر ایم ایس ایم چودھری عرفان یوسف، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل رضا، حاجی اسحاق، حافظ غلام فرید، صدر منہاج القرآن علما کونسل علامہ امداد اللہ قادری، ناظم امتحانات نظام المدارس پاکستان عین الحق بغدادی و دیگر رہنما بھی تقریب میں موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top