عالمی طاقتوں نے پاکستان میں مذہبی انتہا پسندی کو فروغ دیا: خرم نواز گنڈاپور
سیاسی جماعتوں نے بھی مذہبی جماعتوں کو انتہا پسندی کے راستے پر
ڈالا، آن لائن کانفرنس سے خطاب
کانفرنس سے مفتی ارشاد حسین سعیدی، پروفیسر محمد سلیم، غلام مرتضیٰ علوی، منہاج
الدین نے خطاب کیا
آن لائن کانفرنس میں آسٹریلیا، ڈنمارک، برطانیہ، پاکستان کے معروف مذہبی سکالر شریک
ہیں
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری 30 جون کو کانفرنس سے خطاب
کریں گے
لاہور (28 جون 2021ء) تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت کے زیراہتمام ”دنیا کے بدلتے حالات اور دینی تحریکوں کا کردار“ کے موضوع پر 4 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عالمی طاقتوں نے اپنے سیاسی اور معاشی مفادات کے لئے پاکستان میں مذہبی انتہا پسندی کو فروغ دیا۔ قیام پاکستان کے وقت ہی نظریاتی دہشت گرد متحرک ہو گئے تھے جنہوں نے مذہب کا لبادہ اوڑھ کر غیر ملکی قوتوں کے ایماء پر پاکستان میں انتہا پسندی اور تشدد کے بیج بوئے۔ ریاستی اداروں نے خاموشی اختیار کر کے سنپولیوں کو اژدھا بننے میں مدد دی۔ جہاد افغانستان کی بات ہو یا کشمیر و فلسطین کی ہر محاذ پر پاکستان کو محاذ جنگ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، اس مقصد کے لئے پاکستان میں مذہبی حلقوں کو استعمال کیا جاتا ہے۔
بین الاقوامی ایشوز اُمہ کے پلیٹ فارم پر زیر بحث آنے چاہئیں۔ بین الاقوامی تنازعات میں تمام اسلامی ممالک کو متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔ او آئی سی کو متحرک کر کے انفرادی سطح پر تشدد کو ختم کرنے میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اس بات کا کریڈٹ دینا چاہیے کہ انہوں نے مذہبی، اصلاحی تحریک، تحریک منہاج القرآن کو ہر نوع کی انتہا پسندی، تشدد اور فرقہ واریت سے محفوظ رکھا۔
معروف مذہبی سکالر علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن بین المذاہب رواداری اور بین الاقوامی امن کے لئے ایک موثر اور معتبر آواز ہے۔ دور حاضر میں مختلف مذہبی جماعتوں اور تحریکوں نے دین کے کسی ایک پہلو پر فوکس کیا اور دین اسلام کی ہمہ جہتی فکر کو نظر انداز کیا۔ تحریک منہاج القرآن نے دین اسلام کی ہمہ جہتی تعلیم اور تصویر کو دنیا کے سامنے نمایاں اور اجاگر کیا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے اسلام پر انتہا پسندی کے لگنے والے داغ کو دھویا۔ یہ کام صرف اور صرف تحریک منہاج القرآن کے کریڈٹ پر ہے۔ 4روزہ کانفرنس کے پہلے روز پروفیسر محمد سلیم، غلام مرتضیٰ علوی، علامہ منہاج الدین قادری نے خطاب کیا۔ بین الاقوامی کانفرنس میں آسٹریلیا، ڈنمارک، برطانیہ، پاکستان کے معروف مذہبی سکالر شریک ہیں۔صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری 30 جون کو کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
تبصرہ