ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی ہالینڈ میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے غریب بچوں کی تعلیم و تربیت کے ادارے بنائے، گفتگو
منہاج یونیورسٹی لاہور پرائیویٹ سیکٹر کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی یونیورسٹی ہے
منہاج القرآن کی تعلیمی خدمات پر حکومت نے نظام المدارس پاکستان بورڈ کا سٹیٹس دیا

Dr Hussain Mohi ud Din Qadri

لاہور (27 جولائی 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری مختصر دورے پر ہالینڈ پہنچ گئے ہیں۔ ان کے اعزاز میں منہاج القرآن اسلامک سنٹر ایمسٹرڈیم میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اسلام اور پاکستان کے سفیر ہیں۔ ان کی ذمہ داریاں اور چیلنجز دوہرے ہیں۔ انہیں اپنے اور اپنے خاندان کے لئے رزق حلال کمانے کے لئے محنت بھی کرنا ہوتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہ اسلام اور پاکستان کے تشخص کے سفیر اور ترجمان بھی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا سرمایہ اور وقار ہیں۔ مشکل کی ہر گھڑی میں اوورسیز محب وطن پاکستانی ہر اول دستہ کا کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل پاکستان کی واحد دینی، تعلیمی اور اصلاحی تحریک ہے جس کا تنظیمی انفراسٹرکچر پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن سے وابستہ افراد کمیونٹی کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے اندر اور باہر غریب خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کے لئے بے مثال ادارے قائم کئے۔ یہ تعلیمی ادارے ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی تک معیاری سستی تعلیم فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور پرائیویٹ سیکٹر کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی یونیورسٹی ہے کیونکہ ہم تعلیم کو کاروبار نہیں دین اور انسانیت کی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کی یہ انفرادیت ہے کہ یہاں پر ہندو، عیسائی اور سکھ مذاہب بھی پڑھائے جارہے ہیں اور یہ پرائیویٹ سیکٹر کی پہلی یونیورسٹی ہے جہاں متعلقہ مذہب کے متعلقہ پروفیسر پڑھارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2005ء میں کشمیر میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں جو بچے یتیم ہو گئے تھے ادارہ منہاج القرآن نے ان بچوں کو تعلیم و تربیت کے لئے آغوش آرفن کیئر ہوم قائم کیا اور آج کے دن تک ہم ان بچوں کی سرپرستی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ تعلیم کے شعبے میں تحریک منہاج القرآن کی مثالی خدمات پر حکومت پاکستان نے ادارہ منہاج القرآن کو نظام المدارس پاکستان کے نام سے بورڈ کا سٹیٹس دیا ہے۔ ان شاء اللہ نظام المدارس پاکستان مدارس دینیہ کو ایک نئے علمی، فکری، اخلاقی اقدار سے ہم آہنگ کرے گا۔ مختصر وقت میں سینکڑوں مدارس الحاق کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی علوم اور عصری علوم پر مشتمل ایک بہت بڑا تعلیمی ادارہ الاعظمیہ کے نام سے بھی قائم ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کو تنگ نظری اور انتہا پسندی سے پاک کرنے کے لئے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ادارے قائم کرنا ہوں گے۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سے ہالینڈ بزنس فورم کے صدر انور ثاقب، چودھری محمد اکرام، آفتاب بٹ، سیاسی، سماجی رہنما میاں محمد سعید، ڈاکٹر محمد یونس، سینئر صحافی چودھری محمد صفدر، محمد شبیر خان، امتیاز بٹ نے ملاقات کی۔ استقبالیہ میں علامہ حافظ نذیر احمد قادری، حافظ شاہد رسول، راجہ جمشید نے خوش آمدید کہا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top