محرم الحرام کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہے: منہاج القرآن علما کونسل

مورخہ: 06 اگست 2021ء

علمائے کرام محرم الحرام میں اخوت و محبت کو فروغ دیں: علامہ امداد اللہ قادری
علمائے کرام نفرت پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہوکر فکر حسینی کو عام کریں: علامہ میرآصف اکبر قادری
منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس: علامہ اشفاق حسین، علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ غلام اصغر صدیقی کی شرکت

لاہور (6 اگست 2021) منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ مفتی امداد اللہ قادری نے کی۔ مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر قادری سمیت مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ محرم الحرام کا پیغام ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا پیغام دیں۔ علمائے کرام نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے امن، اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو فروغ دیں۔ مرکزی صدر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پھر سے سر اٹھا چکی ہے، محرم الحرام میں کانفرنسز کے انعقاد کے موقع پر ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جانا چاہیے۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام عالی مقام علیہ السلام نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے۔ حکومت محرم الحرام میں ہونے والی مذہبی تقاریب کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کرے۔ حق اور انصاف کیلئے جدوجہد کرنا، قربانیاں دینا حسینی طرز عمل ہے۔ علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں کچھ شرپسند عناصر اتحاد امت کو نقصان پہنچانے کیلئے تخریبی کارروائیوں کا سہارا لیتے ہیں۔ نفرت پھیلاتے ہیں اور فساد فی الارض برپا کرتے ہیں ایسے تخریبی عناصر کا اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی ایسے شرپسند عناصر کے خلاف پوری طاقت بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی امن برباد کرنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی علمائے حق ایسا ہونے دیں گے۔ اجلاس میں علامہ اشفاق حسین، علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمد رفیق عاقب، علامہ رفیق رندھاواو دیگر علمائے کرام نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top