’’حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا عملی پیغام ہے‘‘

مورخہ: 09 اگست 2021ء

​تحریک منہاج القرآن سنٹرل پنجاب کے اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے اظہار خیال کرتے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا عملی پیغام ہے۔ حضرت امام عالی مقام علیہ السلام کی عظیم قربانی سے احترام انسانیت کو بقاء نصیب ہوئی، دین مصطفی ﷺ کو تحفظ ملا اور اسلام کے عظیم نظام مشاورت و جمہوریت کو زندگی ملی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا سے محکوموں کو اپنی بقاء کی جنگ لڑنے کا درس ملتا ہے۔ ظلم و جبر پر مبنی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا جذبہ ملتا ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے دین اسلام کی امن پسندی، رواداری اور اخلاقی قدروں کو قیامت تک کے لیے زندہ کردیا۔ امام عالی مقام عدل و انصاف، مساوات، انسانیت اور جمہوریت کے علمبردار تھے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن، بے راہ روی اور انسانی حقوق پر شب خون مارنے کا نام یزید ہے۔ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں، صبر، برداشت اور قربانی کو قیامت تک کے لئے زندہ کردیا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی میدان کربلا میں دی گئی لازوال قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ شہدائے کربلا کی جرات و قربانیاں رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کو حوصلہ اور ولولہ مہیا کرتی رہیں گی۔ ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی روشن تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ علماء کرام محرم الحرام کے ایام میں محراب منبر سے امن و محبت، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام دیں۔ فرقہ واریت اور انتہاء پسندانہ سوچ کی مذمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اس مقدس مہینے میں انتظامی ذمہ داریوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کریں۔

​تحریک منہاج القرآن سنٹرل پنجاب کے اجلاس میں تحریک منہاج القرآن سنٹرل پنجاب کے تمام اضلاع کے نو منتخب صدور و ناظمین نے شرکت کی۔ منہاج القرآن لاہور کے صدر علامہ رانا نفیس حسین قادری، ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، میاں عبد القادر، وسیم ہمایوں، عمران علی ایڈووکیٹ، قاری ریاست و دیگر رہنماوں نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top