منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام محفل میلادِ مصطفیٰ (ص)

مورخہ: 20 مارچ 2007ء

منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں مورخہ 20 مارچ 2007 کو ایک عظیم الشان محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں لاہور بھر سے سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانا سنت الہٰی ہے اور اس موقع پر خوشی منانا ایمان کی بنیاد ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے صدقے ہی کائنات کا نظام چل رہا ہے اور میلاد کو اپنی تمام تر خوشیوں کی تقریبات سے بڑھ کر منانا ہماری اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ ہماری لاکھوں خوشیاں سرکارِ دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی پر قربان ہوجانی چاہئیں۔ تحریک منہاج القرآن عالمی سطح پر عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے لئے تاریخی کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے لئے میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز پوری دنیا میں منائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں ہو سکتی۔ ماہ ربیع الاول کو ہر گھر میں محافل میلاد منائی جانی چاہئیں تاکہ اگلی نسلوں میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کی خوشبو منتقل ہوسکے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ اس سال بھی عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں خواتین بچوں سمیت شرکت کرکے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا تحریک منہاج القرآن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کو عام کرنے کیلئے وجود میں آئی ہے اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی کا ایک ایک لمحہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کو دنیا کے ہر انسان تک پہنچانے کیلئے وقف ہے۔ ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شب میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لیلۃ القدر سے بھی افضل ہے۔ میلاد کے صدقے ہی ہمارے آنگنوں میں بہار ہے۔ اور ہماری تمام تر خوشیوں کا باعث آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت ہے۔ آج ماؤں کو محافل میلاد ذوق وشوق سے منانی چاہئے تاکہ آنے والی نسلوں میں میلاد کی خوشیوں کو منانے کا سلیقہ آ سکے۔

مرکزی نائب ناظمہ عائشہ شبیر نے کہا کہ ہم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر صحیح معنوں میں تب ہی عمل پیرا ہو سکتے ہیں جب ہمیں یہ شعور آجائے کہ ان کے ساتھ محبت ہی سب سے بڑی متاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر عورت اپنے گھر میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا اہتمام کرے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین کے صدقے ہی ہمارے مسائل حل ہونگے۔ اس موقع پر امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم، ڈائریکٹر میڈیا ڈاکٹر شاہد محمود، نرید فاطمہ اور عفت وحید نے بھی خطاب کیا۔


اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top