تعلیم کے فروغ اور غربت کے خاتمے کیلئے مخیر حضرات کردار ادا کریں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
دکھی انسانیت اور مستحقین کی مدد افضل عبادت ہے
دولت کی بے جا تحریص اللہ اور اسکے رسول ﷺ کو پسند نہیں
کسی کو ہنر مند بنانا اور تعلیم دلوانا صدقہ جاریہ ہے: چیئرمین سپریم کونسل
شعبہ پبلک ریلیشنز کے زیر اہتمام سینئر بانی ممبران کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ میں گفتگو
لاہور (24 ستمبر 2021) چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن کے شعبہ پبلک ریلیشنز کے زیراہتمام سینئر ممبرز کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور غربت کے خاتمے کیلئے مخیر حضرات کردار ادا کریں۔ دُکھی انسانیت اور مستحقین کی مدد افضل عبادت ہے۔ دولت کی بے جا تحریص اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو پسند نہیں ہے۔ کسی کو ہنرمند بنانا اور تعلیم دلوانا صدقہ جاریہ ہے۔ کسی کی مالی مدد کرنا ہی خدمت خلق نہیں ہے بلکہ کسی کی عیادت کرنا، کسی کو ہنر سکھانا، کسی کو تعلیم دینا، کسی کے دکھ درد میں شریک ہونا، کسی کو مفید مشورہ دینا، چرند پرند کیلئے خوراک پانی کا انتظام کر دینا بھی خدمت خلق میں شمار ہوتا ہے۔ دین اسلام خیر خواہی، امن و سلامتی و انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔ خدمت خلق کیلئے مال خرچ کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ بے حد پسند فرماتا ہے۔ اللہ کریم ان کے خرچ کئے ہوئے مال کو اپنے ذمہ قرض حسنہ قرار دیتا ہے اور خرچ کرنے والے کے مال کو کئی گنا بڑھا کر واپس کرتا ہے۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز تحریک منہاج القرآن شہزاد رسول قادری نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ حاجی محمد سلیم قادری، حاجی منظور حسین قادری، نور اللہ صدیقی، حاجی شیخ محمد اسلم قادری، حاجی محمد سہیل، جمیل قادری، حاجی محمد الیاس قادری، حافظ عامر سعید، عثمان رفیع، علی عمران، علی ہاشمی، چوہدری محمد نوید، چوہدری محمد یونس، عرفان چوہدری، حاجی محمد اسحق، حافظ عابد بشیر قادری، جنید وارثی، سردار فتح اللہ خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ