تحریک منہاج القرآن کی 38ویں عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ہو گی

کانفرنس کے انتظامات شروع، 50 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں
قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے
علمائے کرام، مشائخ عظام، قراَ و نعت خوان حضرات، اہم مذہبی، سیاسی، سماجی، شخصیات شرکت کریں گی
میلاد النبی ﷺ کی تقریبات سے حضور ﷺ سے محبت و مؤدت بڑھتی ہے: سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد

International Mawlid un Nabi Conference 2021 Minar e Pakistan Lahore Minhaj ul Quran

لاہور (7 اکتوبر 2021) سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کی 38ویں عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ہو گی۔ کانفرنس کے انتظامات اور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، 50 سے زائد انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں، کانفرنس میں لاکھوں عشاق مصطفی ﷺ (مرد وخواتین) شرکت کر کے نبی کریم ﷺ سے والہانہ کا محبت کا اظہار کریں گے اور دنیا کو پیغام دیں گے کہ ولادت مصطفی ﷺ سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں۔ عالمی میلاد کانفرنس سے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ عالم اسلام کی سب سے بڑی 38ویں عظیم الشان سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے علمائے کرام، مشائخ عظام، قراَ و نعت خوان حضرات اور اہم مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی شخصیات خصوصی شرکت کریں گی، عالمی میلاد کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علمائے کرام، ملک کی سیاسی، سماجی شخصیات اور مختلف مذاہب کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شہزاد رسول، حاجی اسحق، حفیظ الرحمان، محمد افضل نوشاہی، حمزہ نوشاہی، میاں زاہد جاوید، سعید اختر و دیگر بھی موجود تھے۔

تحریک منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس

جواد حامد نے کہا کہ استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں منہاج القرآ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ، گوشہ درود اور جامع شیخ الاسلام کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ منہاج القرآن کے تحت پاکستان سمیت دنیا بھر میں ربیع الاول کا پورا ماہ میلاد تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ تحریک منہاج القرآن کی تمام تنظیمات ماہ ربیع الاول میں مشعل بردار جلوس، میلاد ریلیاں، میلاد کانفرنسز، چراغاں و دیگر تقریبات منعقد کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا دن بڑی خوشی والا دن ہے، اس دن کو شایان شان طریقے سے منانا ہر کلمہ گو مسلمان کیلئے باعث سعاد ت اور باعث برکت ہے۔ اس دن بنی نوع انسانیت کو سر اٹھا کر چلنے کا پیغام ملا۔ پیغمبر اسلام امن، محبت اور اخوت کے آفاقی پیغام کے ساتھ مبعوث ہوئے۔ میلاد النبی ﷺ کی تقریبات سے حضور ﷺ سے محبت و مؤدت بڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 38ویں عالمی میلاد کانفرنس امت مسلمہ کے اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے یقیناً ایک سنگ میل ثابت ہو گی۔

جواد حامد نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے تمام داخلی راستوں میں لوگوں کی رہنمائی کیلئے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ میلاد کا سماں پید اکرنے کے لیے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔ جواد حامد نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کی قیادت، کارکن اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ سرور کونین کی ولادت کے سب سے بڑے پروگرام کے میزبان ہیں۔

سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے مزید کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں کے حوالے سے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور کو روزانہ کی بنیاد رپورٹ دی جا ئیگی۔ کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top