راجہ پرویز اشرف کا رہنماؤں کے ہمراہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی رہنماؤں کے ہمراہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر فاتحہ خوانی کی
سابق وزیراعظم نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی
محترمہ بے نظیر بھٹو منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی دینی خدمات قابل تحسین ہیں: راجہ پرویز اشرف
وفد میں پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ اور بیرسٹر عامر حسن شامل تھے

raja pervaiz ashraf

لاہور (30 اکتوبر 2021ء) سابق وزیراعظم پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے پنجاب اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ اور بیرسٹر عامر حسن کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی۔ سابق وزیراعظم کو مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی اور مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے سابق وفاقی وزیر کو مدارس دینیہ کے نصاب میں منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے اصلاحات کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان نے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نیا نصاب لاگو کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مدارس دینیہ میں پڑھایا جانے والا نصاب 274 سال پرانا ہے اور آخری بار اس پر نظر ثانی بہادر شاہ ظفر کے دور میں ہوئی۔

سابق وفاقی وزیر راجہ پرویز اشرف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ اسلام کی خدمت کے مراکز ہیں۔ انہیں قومی، تعلیمی و ترقی کے دھارے میں شریک کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ ریاست پاکستان کو مدارس دینیہ کے نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مشاورت کے ساتھ آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔ راجہ پرویز اشرف نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام کی خدمت اور دنیا بھر میں اسلامی نہج پر نوجوانوں کی تربیت کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں اور وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ماڈریٹ اسلامک فکر اور ویژن سے بے حد متاثر تھیں۔

اس موقع پر رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال اور ضمنی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے بھی ملاقات کی۔ وفد نے گوشہ درود، جامع شیخ الاسلام اور فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سمیت منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف دفاتر کا بھی دورہ کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ادارہ منہاج القرآن انتہائی سلیقے اور ایک نظم کے ساتھ خدمت دین کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ راجہ پرویز اشرف کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تالیف کردہ 8 جلدوں پر مشتمل قرآنک انسائیکلوپیڈیا اور شیخ الاسلام کی پہلی آڈیو بک ”حضور نبی اکرم ﷺ کا پیکرِ جمال“ کی آڈیو ڈیوائس بھی دی گئی۔ راجہ پرویز اشرف کو پیپلز پارٹی کے کو چیئرپرسن آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لئے بھی آڈیو بک کی ڈیوائس دی گئی۔ سابق وزیراعظم وزیر راجہ پرویز اشرف پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر بھی گئے اور فاتحہ خوانی کی۔

raja pervaiz ashraf

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top