منہاج یونیورسٹی لاہور میں حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر کا افتتاح
لاہور (4 نومبر 2021ء) فیکلٹی آف لینگوئجز منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام منعقدہ ’’حسان بن ثابتؓ نعت ریسرچ سنٹر‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ابتدائے آفرینش سے اپنے محبوب نبی مکرم محمد مصطفی ﷺ کا ذکر بلند رکھا اور ہر زمانے میں مختلف مذاہب پر اتارے جانے والے صحیفوں میں نبی آخر الزمان ﷺ کا تعارف کروایا۔ ہر زمانے میں نہ صرف مسلمان بلکہ دوسرے مذاہب کے ماننے والوں نے بھی مدحت رسول ﷺ بیان کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ منہاج یونیورسٹی میں حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کا قیام نوجوان نسل میں عشق مصطفی ﷺ کو جاں گزیں کرنے اور نعت رسول ﷺ پر تحقیق کرنے کے لیے ایک رول ماڈل ثابت ہوگا۔
تقریب میں ڈین لینگوئجز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر فخرالحق نوری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ معروف نعت خواں شہزاد حنیف مدنی اور سرور حسین نقشبندی نے حضور پاک ﷺ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ تقریب کی صدارت صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کی جبکہ سابق وزیراعظم پاکستان، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف نے خصوصی شرکت کی۔
صوبائی وزیر مذہبی امور پنجاب سید سعید الحسن شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر سرپرستی حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کا قیام اس پُر آشوب دور میں ناموس رسالت اور محبت رسول ﷺ کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دنیا کے کسی کونے سے جب بھی حضور پُرنور ﷺ کی شان میں گستاخی ہوئی تو شیخ الاسلام نے ہمیشہ اپنی ملفوظات اور خطبات کے ذریعے ان کی سرکوبی کی اور گستاخان رسول کو منہ توڑ جواب دیا، اس ضمن میں ان کے زیرسایہ منہاج یونیورسٹی لاہور میں نعت ریسرچ سنٹر کا قیام بھی اسی سلسے کی کڑی ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا مزید کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے حوالے سے عالمی خدمات کے پیش نظر سن دوہزار بارہ میں انہیں نوبل امن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا مگر ایوارڈ لسٹ میں ٹاپ پر ہونے کے باوجود اسلام مخالف قوتوں کے ایماء پر انہیں نوبیل امن ایوارڈ سے محروم کردیا گیا اور یہ ایوارڈ اس وقت یورپی یونین کو دے دیا گیا۔
تقریب میں صاحبزادہ تسلیم احمد صابری اور صفدر علی محسن نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔
معروف مذہبی اسکالر اور اینکر پرسن انیق احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس کا ذکر اللہ پاک بلند کر دے اسے کوئی ختم نہیں کرسکتا اور اللہ عزوجل نے اپنے محبوب ﷺ کا ذکر ازل سے ابد تک بلند کر دیا ہے جسے دشمن اسلام ختم نہیں کرسکتے۔ انیق احمد نے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی تمام عمر عشق مصطفیٰ اور حرمت مصطفیٰ ﷺ کے تحفظ میں گزار دی اور اپنی تصانیف میں امہ کو عشق رسالت ﷺ کا درس دیا۔
ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں تقریب میں آنے والے معزز مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسرڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں نعت ریسرچ سنٹر کے قیام میں عملی کاوششیں کرنے والے تمام احباب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں منہاج یونیورسٹی وہ پہلا تعلیمی ادارہ ہے جہاں نعت ریسرچ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے زیرسایہ منہاج یونیورسٹی جدید عصری علوم و فنون سے مزین ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے جہاں نوجوان نسل کو اسلام اور عشق مصطفیٰ ﷺ سے روشناس کروانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ پاک عز وجل کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے قیام میں کامیابی عطا کی۔ پروگرام کے اختتام پر حسان بن ثابت نعت ریسرچ سنٹر کے پلیٹ فارم سے دو تحقیقی کتب "فروغ عشق رسول ﷺ میں نعت کا کردار" اور "منہاج عشق" کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن، مرکزی سیکرٹری اطلاعات منہاج القرآن انٹرنیشنل نوراللہ صدیقی، ڈاکٹر محمد تاج الدین کلیامی، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر خرم شہزاد، صوفیہ بیدار، ڈاکٹر سید قمر علی زیدی، ڈاکٹر طاہر مصطفیٰ، ڈاکٹر سعید احمد سعیدی، ڈاکٹر شاہد اشرف، ڈاکٹر ابوالحسن خاور، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، جواد حامد، انجینئر محمد رفیق نجم، ظہر محمود علوی، ڈاکٹر حافظ محمد سعداللہ، جلیل احمد ہاشمی، ابوالحسن حامد، محمد ابرار حنیف مغل، منہاج القرآن پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ سے شہزاد رسول، سردار اسحاق اور عبدالحفیظ چوہدری کے علاوہ منہاج یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبہ جات کے ڈینز، فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
تبصرہ