منہاج ویلفیئر کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب 21 نومبر کو ہو گی
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی شرکت کریں گے
لاہور (16 نومبر2021) تحریک منہاج القران انٹرنیشنل کے زیراہتمام مستحق بیٹیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب 21 نومبر (اتوار) کو ہو گی۔ واہ کینٹ میں منعقد ہونے والی تقریب میں تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی شرکت کریں گے۔ تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ہر دلہن کو ضروریات زندگی کا گھریلو سامان اور باراتیوں کو کھانا بھی پیش کیا جائے گا۔ ہر جوڑے کو تقریباً دو لاکھ روپے مالیت کا سامان تحفے میں دیا جائے گا۔
پروقار تقریب میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی، ضلعی و مقامی رہنماؤں سمیت اہم سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے صدر صغیر خان، ناظم محمد لیاقت اور ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ محمد جاوید نے شادیوں کی اجتماعی تقریب کی تیاریوں و انتظام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صغیر خان نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی ساری کاوش خدمت انسانیت پر مبنی ہے۔ انسانیت کی خدمت اعلیٰ درجے کی عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علم، تحقیق کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا بھی کر رہی ہے۔ اجلاس میں عبدالقیوم جٹ نائب ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ، اظہر حمید، محمود احمد بٹ، محمد مدثر، غلام ربانی، محمد بشیر، راشد محمود، مقصود احمد سمیت رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ