قائداعظم کردار اور دیانت کا نام ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لئے آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہو گا: صدر منہاج القرآن
ڈاکٹر طاہرالقادری نے شعور دیا کہ دھن، دھونس اور دھاندلی پر مبنی نظام انتخاب جمہوریت کا کینسر ہے: خرم نواز گنڈاپور
کرپشن نے قائداعظم کے نظریات کو قائداعظم کے پاکستان میں پنپنے نہیں دیا: بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان

Quaid Day ceremony held at Minhaj ul Quran International Secretariat

لاہور (24 دسمبر 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے 146ویں یومِ ولادت کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کردار اور دیانت کا نام ہے۔ بانیٔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ایک ایسے موقع پر برصغیر پاک و ہند کے مفلوک الحال مسلمانوں کی قیادت کی توفیق بخشی جب برصغیر کے کروڑوں مسلمان اپنی منزل سے لاعلم تھے اور ہر سو مایوسی کے اندھیرے چھائے ہوئے تھے۔ اللہ رب العزت جب کسی قوم پر اپنے کرم اور فضل کا ارادہ فرماتا ہے تو اس قوم میں محمد علی جناح ؒ جیسی بیدار مغز اور صاحب کردار ہستیاں پیدا فرما دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بانیٔ پاکستان نے جن مقاصد کے حصول کے لئے آزاد وطن حاصل کیا تھا ہم آج بھی ان اہداف سے کوسوں دور ہیں۔ پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لئے آئین و قانون کی بالادستی، تعلیم کے فروغ اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا۔

Quaid Day ceremony held at Minhaj ul Quran International Secretariat

یوم ولادت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کو …… قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لئے اگر کسی شخصیت نے بامقصد اور عملی جدوجہد کی ہے تو وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں، انہوں نے قوم کو شعور دیا کہ دھن، دھونس اور دھاندلی پر مبنی نظام انتخاب جمہوریت کا کینسر ہے مگر افسوس ریاستی ذمہ داران نے اس کینسر کے علاج کے لئے کوئی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا اور ووٹ کی طاقت سے ہی ناقابل تسخیر بنے گا مگر موجودہ جمہوری نظام میں ووٹ ایک خرید و فروخت کی آئٹم بن کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کا احیاء ڈاکٹر طاہرالقادری کے ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد کرنے سے ہو گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ایک کردار کا نام ہے۔ ان کے قول و فعل کی صداقت اور مطابقت نے انہیں دنیا کا عظیم سیاسی رہنما بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی اور کرپشن نے قائداعظم کے نظریات کو قائداعظم کے پاکستان میں پنپنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں سے ہماری بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ یہی نوجوان قائداعظم کے سچے سپاہی اور پاکستان کے خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔

بانیٔ پاکستان کے 146ویں یوم ولادت کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر جی ایم ملک، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، محمد فاروق رانا، مظہر محمود علوی، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، حاجی اسحاق، الطاف رندھاوا، ثاقب بھٹی، حاجی منظور حسین، غلام مرتضیٰ علوی، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، عبدالستار منہاجین، سعید رضا بغدادی، عابد بشیر قادری، حفیظ اللہ جاوید، انیلا الیاس اور بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

Quaid Day ceremony held at Minhaj ul Quran International Secretariat

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top