شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کا پیر سید میر طیب علی شاہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار
پیر سید میر طیب علی شاہ کی روحانی و دینی خدمات قابل تحسین
ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
پیر سید میر طیب علی شاہ کی رحلت انکے اہل خانہ، عقیدت مندوں کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے
منہاج القرآن کے رہنماؤں راجہ زاہد محمود، علامہ میر محمد آصف اکبر کی نماز جنازہ
میں شرکت
لاہور (15 جنوری 2022ء) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معروف روحانی پیشوا سجادہ نشین درگاہ حضرت کرمانوالا شریف پیر سید میر طیب علی شاہ کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بھائی صوبائی وزیر سید صمصام علی شاہ بخاری کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ پیر سید میر طیب علی شاہ کی روحانی و دینی خدمات قابل تحسین ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے مرحوم کی مغفرت و بلندی درجات اور جملہ لواحقین، مریدین، معتقدین، وابستگان حضرت کرمانوالا شریف کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سجادہ نشین حضرت کرمانوالا شریف پیر سید میر طیب علی شاہ کے وصال سے ملک ایک روحانی شخصیت اور با عمل علمی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔
پیر سید میر طیب علی شاہ کی رحلت پاکستانیوں، امت مسلمہ، انکے اہل خانہ اور عقیدت مندوں کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے۔ مرحوم نے اسلام اور انسانیت کیلئے بہت کام کیا۔ وفات سے ملک ایک نیک صالح شخصیت سے محروم ہو گیا۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ رانا محمد ادریس، نور اللہ صدیقی، عبد الحفیظ چوہدری، شہزاد رسول و دیگر رہنماؤں نے بھی سجادہ نشین حضرت کرمانوالا شریف کے انتقال پر ملال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات کیلئے دعا کی۔
دریں اثناء تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں راجہ زاہد محمود، علامہ میر محمد آصف اکبر، علامہ محمد اشفاق چشتی، منشا الاسلام و دیگر پر مشتمل وفد نے مرحوم کی نماز جنازہ دربار حضرت کرمانوالا شریف میں شرکت کی۔ سید صمصام علی شاہ بخاری کوشیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ وفد نے مرحوم کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
تبصرہ