دین اسلام اول تا آخر امن ہے: علامہ رانا محمد ادریس

جو عمل امن کو نقصان پہنچائے اس کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
تمام انسانوں کے حقوق کی پاسداری کرنا احترام انسانیت ہے: جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Rana Muhammad Idrees

لاہور (21 جنوری 2022) نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ دین اسلام اول تا آخر امن ہے۔ جو عمل امن کو نقصان پہنچاتا ہے، امن سے متصادم ہوتا ہے اس کا اسلامی تعلیمات سے قطعی کوئی تعلق نہیں ہے۔ دہشت گردی، انتہاء پسندی، امن عالم اور انسانیت کے لئے ضرررساں رویوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دین اسلام رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر احترام انسانیت کی تلقین کرتا ہے، اگر ہم رسول اکرم ﷺ کے امتی ہونے پر فخر کرتے ہیں تو آپ ﷺ کی تعلیمات پر بھی عمل پیرا ہونا چاہیے۔ حضور اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کیے بغیر ہمارے سارے دعوے عبث ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی ﷺ پر چلنا ہے جو احسن الطریق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو مقصد بعثت نبوی ﷺ اور آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر چلتے ہوئے دین پر عمل کے ساتھ راہ استقامت بھی اختیار کرنی چاہیے۔ دین اسلام کی سربلندی کیلئے ممکنہ کاوش کی جائے کہ یہی طریق محمدی ﷺ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کریم کے احسانات میں سے اپنے بندوں پر ایک بہت بڑا احسان یہ بھی ہے کہ رب تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو احترام انسانیت، ایک دوسرے کے ساتھ بھلائی اور اچھائی کی تلقین فرمائی ہے، اللہ کریم کی محبت میں بھوکے، یتیم، مسکین اور قیدی کو کھانا کھلانا انسانی خدمت ہے، رنگ ونسل، جنس و مذہب کی تفریق کے بغیر تمام انسانوں کے حقوق کی پاسداری کرنا احترام انسانیت ہے۔ اسلام نے انسانوں کے ساتھ حسن سلوک اور ان کے حقوق ادا کرنے کی ہدایت اور تلقین فرمائی ہے، احترام انسانیت کو ایمان کی شرط قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول کریم ﷺ نے نہ صرف انسانیت کے احترام کی تلقین فرمائی بلکہ اسے عملی طور پر کر کے بھی دکھایا، حضور اکرم ﷺ نے جنگ کے دوران بھی انسانیت کے احترام کا حکم دیا ہے۔ غزوات میں عورتوں، بچوں، بوڑھوں کا خیال رکھنے کا حکم اور ان کو قتل کرنے سے منع فرمایا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top