ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی صوبائی وزیر سید صمصام علی شاہ بخاری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات
سجادہ نشین کرمانوالا شریف پیر سید میر طیب علی شاہ (مرحوم) کی
رحلت پر تعزیت کا اظہار کیا
چیئرمین سپریم کونسل نے ڈاکٹر طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا
لاہور (24 جنوری 2022) معروف روحانی شخصیت سجادہ نشین حضرت کرمانوالا شریف پیر سید میر طیب علی شاہ بخاری کی رحلت پر تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے وفد کے ہمراہ پیر سید میر طیب علی شاہ بخاری (مرحوم) کے بڑے بھائی صوبائی وزیرسید صمصام علی شاہ بخاری سے ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سید صمصام علی بخاری سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پیر سید میر طیب علی شاہ کی رحلت سے ملک ایک با عمل روحانی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے انکی وفات تحریک منہاج القرآن اور دنیا بھر میں ان کے وابستگان، رفقاء و عقیدت مندوں کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے۔ پیر سید میر طیب علی شاہ (مرحوم) بزرگوں کے روحانی فیض کے امین تھے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ پیر صاحب کی رحلت پر لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پیر سید میر طیب علی شاہ (مرحوم) کی بخشش و مغفرت، درجات کی بلندی اور جملہ سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ وفد میں راجہ زاہد محمود، شہزاد رسول قادری، قاضی فیض الاسلام، حاجی محمد اسحاق، ثاقب بھٹی، عبد الحفیظ چوہدری و دیگر رہنما شامل تھے۔
تبصرہ