حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم شارح قرآن و حدیث تھے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا جامعۃ عروۃ الوثقی میں خطاب
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی حضرت علیؑ کے یوم ولادت اور جامعۃ العروۃ الوثقیٰ کے 12 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقد سیمینار ’’نھج البلاغہ و منھج الولایۃ‘‘ میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم شارح قرآن و حدیث تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہر علم کے دروازے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی ساری زندگی محبت، امن، اخوت اور اجتماعیت کے درس میں گزری۔ اسلامی تاریخ آپ کی جرأت و شجاعت اور ایمان افروز واقعات سے بھری ہوئی ہے۔ آپ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ رشد و ہدایت کے اسباق سے مزین ہے۔
پروگرام میں پرنسل جامعۃ العروۃ الوثقیٰ علامہ سید جواد نقوی، علامہ سید شاہد حسین نقوی، علامہ محمد امین شہیدی، پروفیسر ظفر اللہ شفیق، لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مفتی سید عاشق حسین، پیر سید ہارون علی گیلانی، پیر خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، مفتی محمد طیب قریشی اور پیر غلام رسول اویسی نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر ملک بھر سے جیّد علمائے کرام، دانشوروں، مشائخ عظام، سیاسی و سماجی رہنماؤں، معروف ثناء خواں حضرات، جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے اساتذہ کرام و طلباء و طالبات اور ہزاروں عاشقان امیرالمومنینؑ نے شرکت کی۔
تبصرہ