غصہ ضبط کرنے والوں کیلئے بڑا اجر ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

اسلام نے اینگر مینجمنٹ اور کنٹرول پر جامع تعلیمات فراہم کی ہیں
بے جا غصہ انسان کی شخصیت مسخ۔ سماجی تعلقات میں بگاڑ پیدا کرتا ہے
آپ ﷺ نے فرمایا جب غصہ غالب آئے تو فوری وضو کر لیاکریں
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر کا جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Dr Hussain Mohi-ud-Din Qadri addresses Friday gathering in Jamy Shaykh-ul-Islam

لاہور (18 فروری 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر، منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے انسان کو درپیش چیلنجز اور جملہ جسمانی، نفسیاتی عوارض کے حوالے سے جامع رہنمائی مہیا کی ہے۔ اسلام نے اینگر مینجمنٹ کے حوالے سے جو گائیڈ لائن دی ہے آج کی جدید نفسیاتی سائنس اس کی توثیق کر رہی ہے۔ انہوں نے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غصہ انسان کی شخصیت مسخ اور سماجی تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔ بسا اوقات بے جا غصہ صحت کی خرابی اور سماجی تعلقات کی بربادی کا بھی سبب بنتا ہے۔ غصہ کی حالت میں بعض اوقات انسان ایسے ضرر رساں افعال سرزد کر بیٹھتا ہے جس سے اللہ اور اس کے رسول ﷺ بھی ناراض ہوتے ہیں اور نیکیاں بھی برباد ہوتی ہیں۔ اسی لئے اللہ نے طاقت رکھنے کے باوجود غصہ ضبط کرنے والوں کیلئے بہت بڑا اجر رکھا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”غصہ شیطان کی طرف سے ہوتا ہے اسے ضبط کرنے کی خوبی رحمان کی طرف سے ہوتی ہے“ آپ ﷺ نے فرمایا شیطان آگ سے ہے اور آگ پانی سے بجھتی ہے۔ آپ ﷺ نے وضو کو اینگر مینجمنٹ اور اسے کنٹرول کرنے کا نسخہ اکثیر قرار دیا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا جب غصہ غالب آئے تو فوری وضو کر لیا کریں اور اپنا خیال اس طرف لے جایا کریں کہ یہ شیطان کا حملہ اور حیلہ ہے اور شیطان مجھے نقصان پہنچانا چاہتا ہے اور پھر اپنی توجہ رحمان کی طرف موڑ لیں اور سوچیں کہ اس غصے کا ردعمل نہ دینے سے اللہ مجھ پر راضی ہو گا۔ اس ضبط نفس کا مجھے آخرت میں ثواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ غصہ ضبط کر کے ہم بہت ساری دنیاوی پریشانیوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نامکمل اطلاعات پر یا تعصب پر مبنی معلومات ملنے پر ہم آپے سے باہر ہو جاتے ہیں اور تحقیق کئے بغیر اپنے سے کمزور لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں جس کے بعدازاں بھیانک نتائج برآمد ہوتے ہیں اس لئے غصے کو شیطانی عمل سمجھ کر اس پر کنٹرول حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے امت محمدیہ کو معتدل رویے رکھنے والی امت کا ٹائٹل دیا ہے لہذا ہر معاملہ میں حد سے مت گزریں، ہمیشہ اعتدال سے کام لیں اسی میں کامیابی اور انسان کے جان و مال اور عزت کی حفاظت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top