قوموں کی تقدیریں علم سے بدلتی ہیں: ڈاکٹرحسین محی الدین قادری

حصولِ علم کے لئے تگ و دو کرنا پیغمبرانہ سنت ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
شیخ الاسلام نے نوجوانوں کے لئے قابل رشک تعلیمی ادارے قائم کئے
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب

quaid day ceremony

لاہور (22 فروری 2022ء) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام منعقدہ خصوصی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حصولِ علم کے لئے تگ و دو کرنا اور علم کو انسانی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنا پیغمبرانہ سنت ہے۔ علم سے قوموں کی تقدیریں بدلتیں اور کردار نکھرتے ہیں۔

قائد ڈے کے سلسلہ میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت نے اہل علم کے درجات بلند کرنے کا وعدہ فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے اللہ و صوفیائے کرام نے اپنی زندگیاں حصول علم میں بسر کیں۔ خدا کی معرفت اور زہد و تقویٰ بھی علم سے حاصل ہوتا ہے۔ اللہ نے قرآن مجید میں انعام یافتہ بندوں کے نقش قدم پر چلنے کی دعا مانگنے کی بھی ترغیب دی ہے۔ یہ انعام یافتہ بندے اہل علم ہیں۔ جو سچ کو جھوٹ سے جدا کرتے اور انسانیت کی صراط مستقیم پر چلنے کے حوالے سے راہ نمائی کرتے ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے زندگی بھر کتاب سے محبت کی اور وہ اپنا بیشتر وقت مطالعہ میں بسر کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی امت کو کوئی فکری بحران اپنی لپیٹ میں لیتا ہے تو راہ نمائی کرنے کے حوالے سے آپ سرفہرست ہوتے ہیں۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ علماء کی صحبت سے بھی علم بڑھتا اور کردار میں نکھرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور داتا علی ہجویریؒ بیان کرتے ہیں کہ علم ایسا وصف ہے جو نا سمجھوں کو دانا کر دیتا ہے۔

انہوں نے تقریب میں شریک طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ علم کے راستے پر محنت کرنے والوں کے ساتھ اللہ کی مدد شامل حال ہوتی ہے۔ نوجوانی کا زمانہ حصولِ علم کا ہے لہٰذا زندگی کے ان قیمتی اوقات کا ہر لمحہ مطالعہ کتب میں صرف کریں۔ یہ محنت آپ کی زندگی میں بہارلے آئے گا۔

اس موقع پر مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر نواز ظفر، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم رانا، سید امجد علی شاہ، ڈاکٹر خرم شہزاد، جواد حامد، صفدر علی محسن، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے اساتذہ، طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 71ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کے لئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top