عدم برداشت ایک بڑا چیلنج ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

منہاج القرآن نے 273 سال پرانے دینی نصاب کو از سر نو مرتب کیا
مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے منعقدہ تقریب میں اظہار خیال

لاہور (23 فروری 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے دورہ برطانیہ کے چوتھے روز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیدراوں اور پاکستانی کمیونٹیز کے نمائندہ افراد کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی، عدم برداشت اور فرقہ واریت امہ کو درپیش بڑے چیلنج ہیں۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں ہمہ جہتی تعلیمی، فکری و اصلاحی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت، بین المذاہب رواداری اور انسداد دانتہا پسندی تحریک منہاج القرآن کے دعوتی اہداف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم نوجوانوں کو انتہا پسندی اور دہشتگردی کے راستے پر ڈال کر اسلام کو بدنام کرنے کی کوششیں کی گئیں، جنہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سوسائٹی کے تعلیم یافتہ افراد سے مل کر ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امن اور احترام انسانیت کی اقدار کو فروغ دینے سے ہی دنیا امن کا گہوارہ بنے گی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تعلیمی و تربیتی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن نے پڑھے لکھے پاکستان کے خواب کے تحت بین الاقوامی معیار کے تعلیمی ادارے قائم کئے ان میں منہاج یونیورسٹی لاہور نمایاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج یونیورسٹی لاہور پرائیویٹ سیکٹر کی وہ واحد یونیورسٹی ہے جہاں بین المذاہب رواداری، کاؤنٹر ٹیررازم اورمذاہب عالم کے تقابلی جائزے کے ڈگری پروگرام متعارف کروائے گئے ہیں۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں کہاکہ منہاج القرآن کے اعلیٰ تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کو دینی اور جدید دنیاوی علوم کو یکجا کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 273سال پرانے دینی نصاب کو از سر نو مرتب کیا یہ نصاب نظام المدارس پاکستان میں نافذ العمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ امت کے وقار کی بحالی اور امن و خوشحالی کیلئے عدم برداشت، تنگ نظری پر مبنی منفی رویوں کو تبدیل کرنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top